حکومت کا مزید 8 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا بڑا فیصلہ، ٹینڈر جاری
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس مقصد کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر کے عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کر لی ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ ٹینڈر دستاویزات کے مطابق بولی جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ عالمی سپلائرز کے لیے لازم ہوگا کہ وہ کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کے لیے اپنی پیشکشیں تکنیکی بولیوں کے ساتھ جمع کروائیں۔
ٹینڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ جنگ زدہ علاقوں سے سپلائی دینے والی کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ متبادل ممالک سے گندم کی فراہمی کی ٹھوس پیشکشیں ساتھ منسلک کریں۔
امیدواروں کے لیے شرائط سخت رکھی گئی ہیں جن میں کم از کم 5 سالہ برآمدی تجربہ اور گزشتہ 5 برسوں میں 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کا ریکارڈ شامل ہے۔ معیار پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے نمی اور پروٹین کی مقدار کا تناسب بھی سختی سے طے کر دیا گیا ہے۔
درآمد کی جانے والی گندم سال 2026 کی تازہ فصل سے ہونی چاہیے، جس میں نمی 14.5 فیصد، پروٹین 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن 23 فیصد سے کم نہ ہو۔ غیر معیاری کھیپ کو فوری طور پر مسترد کیا جائے گا اور کم ترین لاگت کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا۔
گندم کی ترسیل 2 مراحل میں مکمل کی جائے گی، جس کا پہلا حصہ دسمبر کے آخر میں اور دوسرا جنوری کے وسط تک روانہ ہوگا۔ تمام 8 لاکھ ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا سپلائرز کی ذمہ داری ہوگی۔
مقررہ وقت پر ترسیل نہ کرنے والے سپلائرز کو روزانہ کی بنیاد پر جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ ٹریڈنگ کارپوریشن کو 10 فیصد تک گندم کی مقدار میں کمی یا اضافے کا اختیار حاصل ہوگا تاکہ ملکی ضرورت کے مطابق حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت