جاپان میں شدید برفباری سے مواصلاتی نظام درہم برہم، ہزاروں افراد محصور

ٹوکیو: جاپان میں غیر معمولی شدید برفباری اور طاقتور طوفانی ہواؤں نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے جس کے باعث ملک کے شمالی اور مشرقی حصوں میں ٹرین سروس معطل ہو گئی جبکہ اہم شاہراہیں برف میں دبنے سے ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ملک میں 3 روزہ تعطیلات کے اختتام پر جب شہری گھروں کو واپسی کی تیاری کر رہے تھے، اچانک موسم کی شدت نے ہزاروں سیاحوں اور مقامی افراد کو مشکلات سے دوچار کر دیا، جہاں شدید برف کے سبب درخت گرنے سے کئی راستے مکمل طور پر بند ہو چکے ہیں۔
فوکوشیما کا صوبہ برفباری سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کِتاشیوبارا کے گاؤں میں لگ بھگ 1400 افراد سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے عارضی طور پر پھنس گئے تھے۔ برف اور گرے ہوئے درختوں کے سبب ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔
انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے راستوں سے برف ہٹانے اور درختوں کو سڑکوں سے اٹھانے کا عمل شروع کیا جس کے بعد بیشتر شاہراہیں بحال کر دی گئی ہیں۔
اسی طرح انوواشیرو میں 53 سینٹی میٹر تک برف ریکارڈ کی گئی جو اس سیزن کی غیر معمولی برفباری ہے۔
علاوہ ازیں ریل کے نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جہاں بنیتسو ویسٹ لائن سمیت کئی روٹس پر ٹرینیں منسوخ کرنا پڑ گئیں۔ کِتاکاتا اور یاماتو اسٹیشنوں کے درمیان ایک ٹرین پٹڑی پر گرے ہوئے درخت سے ٹکرا گئی جس سے اس کے پہیے پٹڑی سے اتر گئے۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہوکائیڈو میں بھی برفانی طوفان نے نظامِ نقل و حمل کو مفلوج کر دیا جہاں ڈوٹو ایکسپریس وے پر درجنوں گاڑیاں پھسلن اور حادثات کے باعث کئی گھنٹوں تک پھنسی رہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے مکمل اجتناب برتیں اور گاڑیوں میں موسم سرما کے مخصوص ٹائروں کا استعمال یقینی بنائیں۔
موسمیاتی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ موسم میں بہتری کے آثار ہیں، مگر پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہے گا۔ برف پگھلنے کے بعد دوبارہ جمنے کا خطرہ برقرار ہے جس سے سڑکوں پر پھسلن بڑھ سکتی ہے، اس لیے سیاح اور مقامی شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت