پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

عالمی موسمیاتی مذاکرات بے نتیجہ ختم، معاہدے میں اہم نکات شامل نہ ہو سکے

قومی خبریں
عالمی موسمیاتی مذاکرات بے نتیجہ ختم، معاہدے میں اہم نکات شامل نہ ہو سکے

انطالیہ: اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کا انعقاد فوسل فیولز کے استعمال اور مالی معاونت کے معاملات پر شدید اختلافات کے باعث کسی بڑے معاہدے کے بغیر ہی اختتام پذیر ہو گیا جس سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ترکیہ میں منعقد ہونے والے یہ مذاکرات مقررہ وقت پر مکمل نہ ہو سکے اور اتفاق رائے کی کوششوں کے سبب اتوار تک جاری رہے، جس کے بعد یہ اقوام متحدہ کی تاریخ کی سب سے طویل کانفرنس ثابت ہوئی۔ طویل بحث کے باوجود شرکا کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔

کانفرنس کا حتمی مسودہ یورپی یونین، بحرالکاہل کے جزیرہ ممالک اور متعدد دیگر فریقوں کے لیے ناقابل قبول رہا، کیونکہ اس میں گلوبل وارمنگ کی بنیادی وجہ بننے والے فوسل فیولز کا براہِ راست ذکر شامل نہیں کیا گیا تھا جس پر شرکا نے کھل کر تحفظات کا اظہار کیا۔

ترقی پذیر ممالک نے بھی اس کانفرنس کے نتائج پر گہری تشویش ظاہر کی اور کہا کہ امیر ممالک کی جانب سے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے کسی قسم کی واضح مالی یقین دہانی نہیں کرائی گئی جو کہ ایک سنگین کوتاہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل سال 2009 میں کوپن ہیگن میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس کے مرکزی سیاسی معاہدے کو بھی ایسی ہی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کوپ 31 کا یہ نتیجہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کانفرنس کے نتائج پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوسل فیولز سے وابستہ طاقتور مفادات رکھنے والے عناصر سائنسی حقائق کو مسخ کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پالیسی اقدامات میں تاخیر ہو رہی ہے اور دنیا اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔

یہ کانفرنس ماحولیاتی تحفظ کی عالمی کوششوں میں ایک بڑی رکاوٹ ثابت ہوئی ہے۔ اگر عالمی طاقتیں فوسل فیولز کے خاتمے اور مالی امداد پر متفق نہ ہوئیں تو زمین کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو قابو میں لانا ناممکن ہو جائے گا جس سے کرہ ارض کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت