پیر، 23 نومبر، 2026 · 14 جمادی الثانی، 1448 ہجری

یمنی حوثی باغیوں کا سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ

قومی خبریں
یمنی حوثی باغیوں کا سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ

ریاض: یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے ساحلی شہر رابغ میں قائم بڑی آئل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو ڈرون یا میزائل حملے کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب سعودی حکام کی جانب سے اس واقعے کی تاحال کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ صنعتی کمپلیکس سعودی ارامکو اور جاپانی کمپنی سومیتومو کیمیکل کا ایک مشترکہ منصوبہ ہے جو بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔ جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں موجود یہ ریفائنری سعودی عرب کے اہم توانائی کے مراکز میں شمار کی جاتی ہے جہاں پیداواری سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔

حوثی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے، لیکن انہوں نے حملے کے نتیجے میں ہونے والے کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصانات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ نے بھی اس دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ حوثی گروپ حالیہ مہینوں کے دوران سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے متعدد دعوے کر چکا ہے۔ ان میں جازان، راس تنورہ اور مشرق و مغرب پائپ لائن جیسے اہم مقامات شامل ہیں، جن پر حملوں کی بھی سعودی عرب نے باضابطہ تصدیق نہیں کی تھی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے دوران حوثیوں نے اپنی عسکری کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یمن میں جاری لڑائی کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانا ان کی حکمت عملی کا حصہ معلوم ہوتا ہے جس سے خطے کی سکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے بھی یمن میں اپنی حلیف فورسز کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے اور جوابی کارروائی کے طور پر حوثی ٹھکانوں پر فضائی حملوں میں تیزی لائی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق فریقین کے درمیان جاری یہ کشمکش خطے میں بدستور عدم استحکام کا سبب بن رہی ہے جس پر بین الاقوامی برادری کو گہری تشویش ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت