ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکی آرٹسٹ نے 43.5 سیکنڈ میں مجسمہ آزادی بنا کر عالمی ریکارڈ توڑ دیا

قومی خبریں
امریکی آرٹسٹ نے 43.5 سیکنڈ میں مجسمہ آزادی بنا کر عالمی ریکارڈ توڑ دیا

امریکی پرفارمنس آرٹسٹ ڈیوڈ گاریبالڈی نے نیویارک کے مشہور مجسمہ آزادی کی پینٹنگ صرف 43.5 سیکنڈ میں مکمل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

یہ منفرد کامیابی گینیز ورلڈ ریکارڈز کے 22 ویں عالمی ریکارڈ ڈے کے موقع پر سامنے آنے والے نئے ریکارڈز میں شامل ہے۔

گینیز ورلڈ ریکارڈز نے اپنے سالانہ عالمی ریکارڈ ڈے کے موقع پر مختلف شعبوں میں قائم ہونے والے نئے اعزازات کا اعلان کیا۔ ان میں تاریخی مجسمے کی تصویر سب سے کم وقت میں بنانے کا ریکارڈ بھی شامل تھا، جو ڈیوڈ گاریبالڈی نے اپنے نام کیا۔

آرٹسٹ کے مطابق اس مرتبہ ان کی توجہ روایتی پرفارمنس کے بجائے رفتار پر مرکوز تھی۔

وہ ایک ایسا منفرد کارنامہ انجام دینا چاہتے تھے جو اس نوعیت میں پہلے کبھی سامنے نہ آیا ہو۔ اسی مقصد کے تحت انہوں نے مجسمہ آزادی کی پینٹنگ مکمل کرنے کے لیے وقت کو بنیادی اہمیت دی۔

ڈیوڈ گاریبالڈی نے کہا کہ وہ اپنے لیے ایک نیا معیار قائم کرنا چاہتے تھے اور 43.5 سیکنڈ میں تصویر مکمل کرنا اسی کوشش کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ کامیابی بچوں اور بڑوں، دونوں کو اپنے اہداف کے حصول کے لیے کوشش کرنے کا حوصلہ دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی شخص کسی بڑے مقصد کو حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس عمل کے دوران اس کی اپنی صلاحیتوں میں بھی بہتری آتی ہے اور وہ پہلے سے زیادہ بہتر اور کامیاب بننے کی طرف بڑھتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت