حکومت نے نئے صوبوں کی تشکیل سے قبل سول سروس اصلاحات کی تیاری مکمل کرلی: سعد رفیق

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے صوبوں کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث کو نظام کی بنیادی اصلاحات سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی یونٹس کا حجم کم کرنے سے پہلے سول سروس، انتخابی نظام اور بلدیاتی اداروں کو مؤثر بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے وفاقی حکومت، اپوزیشن اور مقتدر حلقوں پر زور دیا کہ وہ وقتی سیاسی حکمت عملی اور شارٹ کٹس کے بجائے ملک میں طرز حکمرانی بہتر بنانے کے لیے جامع اور طویل المدتی اصلاحات پر توجہ دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے احسن اقبال کی سربراہی میں سول سروس کے موجودہ ڈھانچے میں تبدیلیوں اور بنیادی اصلاحات کے حوالے سے ابتدائی تیاری بڑی حد تک مکمل کرلی ہے، جبکہ انتخابی نظام میں بہتری کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
آواز ِ دروں —••—
اطلاعات کیمطابق وفاقی حکومت نے سول سروس سٹرکچر میں بنیادی تبدیلیوں اور اصلاحات کیلئے جناب احسن اقبال کی سربراھی میں اپنا ھوم ورک کافی حد تک مکمل کرلیا ھے
انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ کی کمیٹی کی تشکیل کی گونج بھی سنائ دے رھی ھے
وفاقی حکومت سے گزراش ھے کہ
یہ دونوں مبارک کام جلد از جلد سرنجام دیے جائیں ، اپوزیشن جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے معاملہ پر لازماً آن بورڈ کیا جاۓ ، اپوزیشن جماعتیں دیگر معاملات پر اپنا اختلافی سٹینڈ برقرار رکھتے ھوۓ قومی مفاد کی قانون سازی میں آزادانہ حصہ لیں اور اس موقع کو ضائع نہ ھونے دیں
مقامی حکومتوں کا با اختیار نظام ، مالی خود مختاری اور مئیر کے ڈائریکٹ الیکشن کے ساتھ ، لا اینڈ آرڈر سمیت تمام ضلعی محکمہ جات کی کمان اور کنٹرول انھیں سونپ کر تشکیل دیا جاۓ
صوبوں کے سائز چھوٹا کرنا تبھی بارآور ھو گا اگر بنیادی اصلاحات پہلے کی جائیں ،
اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کی شاکی سیاسی جماعتیں آنکھیں اور دماغ بند رکھنے کی بجاۓ اصلاحات کا پیکج از خود سامنے کیوں نہیں لاتیں ؟
راقم الحروف اس حوالے سے اپنی معروضات اعلٰی ترین حکومتی سطح پر بارھا پیش کر چکا ھے
کیا سیاسی جماعتوں کا کام محض نعرہ دینا ، نظام کو ایڈھاک بنیادوں پر چلانا ، patch work کرنا اور ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنا ھی رہ گیا ھے یا
طرز ِ حکمرانی کی تبدیلی پر بھی توجہ دینا ھے ؟؟
ھم تکرار سے کہتے رھیں گے کہ سیاست اور پارلیمانی اداروں کو
تعلیم یافتہ ، مہذب ، دیانتدار ، نظریاتی اور تربیت یافتہ مڈل کلاس قیادت درکار ھے ، اسکے لئے موقع پرست ، چاپلوس اور اقتدار پرست electable , s کی سرمایہ دارانہ جمہوریت سے جان چھڑانا پڑے گی
چھوٹے صوبے بنانے کی خواھشمند مقتدرہ سے بھی سوال ھے کہ ۔۔۔
اگر آپ اصلاح کے خواھشمند ھیں تو باری بار ی مختلف شخصیتوں کو لیڈر بنانے ، سیاسی جماعتوں کے بیچ اقتدار کی ادل بدل کرنے یا مارشل لا لگانے کی بجاۓ طرز ِ انتخاب میں تبدیلی لانے ، سیاست اور انتخابی عمل کو سستا اور شفاف بنانے اور باصلاحیت تعلیم یافتہ مڈل کلاس کو قومی قیادت کے مواقع فراھم کرنے پر کام کیوں نہیں کر لیتے ؟؟
اپنی ھی بنائ ھوئ عمارتوں کو بنانے اور گرانے پر توانائ صرف کرنیکی بجاۓ انتخابات ، گورننس ، سول سروس ری سڑکچرنگ ، جوڈیشل سروس ریفارمز ، سستا ، فوری و ذمہ دار نظام ِ عدل اور پالیسی سازی میں تعلیم یافتہ مڈل کلاس لیڈر شپ کی شمولیت زیادہ موثر اور پائیدار نتائج دے سکتی ھے ۔۔
اسکے لئے شارٹ کٹس چھوڑ کر لانگ ٹرم پلان بنانا اور اسپر دل و جان سے عملدرآمد کرنا اور کروانا پڑے گا ۔۔۔
اگے تہاڈی مرضی ۔۔۔!!!
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سول سروس اور انتخابی اصلاحات کے دونوں منصوبوں کو جلد عملی شکل دی جائے اور انتخابی نظام میں تبدیلیوں کے لیے اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر پیش رفت کی جائے۔
خواجہ سعد رفیق کے مطابق اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ برقرار رکھتے ہوئے قومی اہمیت کے معاملات پر قانون سازی میں سنجیدگی سے حصہ لے اور اصلاحات کے اس موقع سے فائدہ اٹھائے۔
بلدیاتی نظام میں تبدیلیوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام متعارف کرایا جائے جس میں میئر کا انتخاب براہ راست عوام کے ذریعے ہو اور بلدیاتی اداروں کو مالی خود مختاری حاصل ہو۔ ان کا مطالبہ تھا کہ امن و امان سمیت ضلعی سطح کے تمام محکموں کا انتظام اور اختیار مقامی حکومتوں کے سپرد کیا جائے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کے خلاف شکایات کرتی ہیں، لیکن نظام میں بنیادی تبدیلیوں کے لیے کوئی جامع منصوبہ پیش نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق سیاسی جماعتوں کو محض ایک دوسرے کی مخالفت اور وقتی سیاسی نعروں تک محدود رہنے کے بجائے اصلاحات کا واضح خاکہ سامنے لانا چاہیے، جبکہ وہ اپنی تجاویز اعلیٰ حکومتی سطح پر متعدد مرتبہ پیش کرچکے ہیں۔
سیاسی نظام میں قیادت کے معیار پر بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک کو تعلیم یافتہ، باکردار، دیانتدار، نظریاتی اور سیاسی تربیت رکھنے والے متوسط طبقے کی قیادت کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اقتدار کے حصول کے لیے موقع پرست شخصیات اور سرمایہ دارانہ سیاست پر انحصار ختم کیے بغیر سیاسی اداروں کو مضبوط نہیں بنایا جاسکتا۔
نئے اور چھوٹے صوبوں کے قیام کے حامی مقتدر حلقوں سے سوال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر واقعی ملک میں اصلاحات مطلوب ہیں تو سیاسی شخصیات کو بار بار تبدیل کرنے، جماعتوں کے درمیان اقتدار منتقل کرنے یا مارشل لا نافذ کرنے کے بجائے انتخابی طریقہ کار کو بہتر بنانے پر توجہ کیوں نہیں دی جاتی؟
ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے اخراجات کم کرنے، انتخابی عمل شفاف بنانے اور باصلاحیت و تعلیم یافتہ متوسط طبقے کو قومی قیادت میں آگے آنے کے مواقع فراہم کرنے سے زیادہ پائیدار نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے زور دیا کہ پہلے سے قائم اداروں کو بار بار بنانے اور ختم کرنے پر توانائیاں صرف کرنے کے بجائے انتخابی نظام، طرز حکمرانی، سول سروس کی تنظیم نو، عدالتی اصلاحات، سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے نظام اور پالیسی سازی میں تعلیم یافتہ متوسط طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ یہی اقدامات ملک میں مؤثر اور دیرپا تبدیلی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت