ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو ٹیم چھوڑنے پر غور کروں گا، جوش ہیزل ووڈ

قومی خبریں
پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو ٹیم چھوڑنے پر غور کروں گا، جوش ہیزل ووڈ

آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے پیٹ کمنز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہ بھی اپنے مستقبل پر نظرثانی کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہیزل ووڈ نے 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ منصوبے سے آسٹریلوی کھلاڑیوں کی مجموعی آگاہی سے متعلق دعووں کو مسترد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھنا کہ تمام کھلاڑی منصوبے سے واقف تھے اور حقیقت میں ایسا ہونا دو مختلف باتیں ہیں، انہیں اس معاملے کا کوئی علم نہیں تھا۔

ہیزل ووڈ نے کمنز پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بطور کھلاڑی اور کپتان ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق کمنز نے ٹیم کو ماضی کے تنازعات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا اور کھلاڑی بھی ان کی قیادت پر اعتماد رکھتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہ خود بھی ٹیسٹ ٹیم میں اپنے مستقبل کے بارے میں سوچیں گے۔

واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی سوانح عمری اور کیمرون بینکرافٹ کے حالیہ بیانات کے بعد 2018 کا بال ٹیمپرنگ اسکینڈل دوبارہ زیرِ بحث ہے۔ ڈیوڈ وارنر نے خواجہ کے بیان کی حمایت کی ہے، جبکہ پیٹ کمنز ان دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دے چکے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت