ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پشاور کے طبی ماہرین کی ملیریا اور برن سرجری پر تحقیقات بین الاقوامی جرائد میں شائع

قومی خبریں
پشاور کے طبی ماہرین کی ملیریا اور برن سرجری پر تحقیقات بین الاقوامی جرائد میں شائع

پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ماہرین کی متعدی امراض اور برن سرجری سے متعلق دو تحقیقات بین الاقوامی طبی جرائد میں شائع ہوگئی ہیں۔

ان مطالعات میں ملیریا کے مریضوں میں دیگر انفیکشنز اور جلنے سے متاثرہ ہاتھوں کی سرجری کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملیریا سے متعلق تحقیق میں انکشاف ہوا کہ اس مرض کے 43.2 فیصد مریض دیگر متعدی بیماریوں میں بھی مبتلا تھے، جبکہ 22.2 فیصد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی۔

مطالعے کے دوران بخار میں مبتلا 5 ہزار 22 افراد کی اسکریننگ کی گئی، جن میں 81 مریضوں میں ملیریا کی تصدیق ہوئی۔

ماہرین کے مطابق ملیریا کے مریضوں میں ڈینگی، چکن گونیا اور ٹائیفائیڈ کی جانچ بھی ضروری ہے۔ یہ تحقیق جے سی پی ایس پی میں شائع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ پب میڈ میں بھی شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اقدام بہتر علاج کی راہ ہموار کرتا ہے ۔

دوسری تحقیق میں جلنے سے متاثرہ ہاتھوں کی سرجری کے نتائج حوصلہ افزا قرار دیے گئے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 177 مریضوں کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج کے مطابق 7.3 فیصد مریضوں میں جلد کی پیوندکاری جزوی طور پر ناکام ہوئی، تاہم کسی مریض کا مکمل گرافٹ ضائع نہیں ہوا۔

تحقیق کے مطابق سرجری کے بعد 3 ماہ کے دوران 4.5 فیصد مریضوں کو ہاتھ یا انگلیوں کے دوبارہ سکڑنے کا سامنا کرنا پڑا۔

محققین نے بتایا کہ آپریشن کے ساتھ اسپلنٹنگ اور فزیوتھراپی ہاتھوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ تحقیق پاکستان جرنل آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں شائع ہوئی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت