آئی ایم ایف کی شرط نظرانداز، حکومت نے مزید 4 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی

اسلام آباد: حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کیے بغیر 4 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد سیزن میں مجموعی برآمدی اجازت 7 لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن ہوگئی۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے مطابق گنے کی کرشنگ کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور ملک میں چینی کی قلت نہیں۔ یہ گزشتہ چار ماہ میں برآمد کی تیسری اجازت ہے۔
اس سے قبل اگست میں درآمد کی گئی ایک لاکھ 8 ہزار میٹرک ٹن اور ستمبر میں تیار کردہ 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ صنعتی ذرائع کے مطابق 6 لاکھ ٹن برآمد کرنے کا فیصلہ کئی ماہ پہلے ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ردعمل سے بچنے کے لیے فیصلے پر دو مراحل میں عمل کیا گیا۔ معاملات پہلے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سطح پر طے ہوئے، پھر سمری ای سی سی میں اضافی ایجنڈا آئٹم کے طور پر پیش کی گئی۔
سمری باقاعدہ ایجنڈے میں شامل نہیں تھی اور متعلقہ وزارتوں کو نقل نہیں دی گئی۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اجلاس میں چینی کے شعبے کی ڈی ریگولیشن پر زور دیا۔
آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ چینی کی درآمد اور برآمد میں حکومتی کردار ختم ہو۔ سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال کے مطابق ایک صوبے کے انکار کے باعث شرط پوری نہیں ہوسکی۔
منظوری ایسے وقت دی گئی جب آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ پاکستان کی درخواست پر غور کرنے والا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت