پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں عملے کی غیرحاضری کا بڑا انکشاف، 1623 اہلکار غائب

پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت میں ملازمین کی غیرحاضری کا بڑا معاملہ سامنے آگیا، جہاں مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 1623 اہلکار ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ نے غیر حاضر ملازمین کی فہرست جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو وضاحتیں طلب کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق لکی مروت میں سب سے زیادہ 558 اہلکار غیر حاضر ہیں، جبکہ ضلع مہمند میں یہ تعداد 210 اور بنوں میں 208 ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان میں 120، شمالی وزیرستان میں 101 اور خیبر میں 95 اہلکار اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔
اعدادوشمار کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر میں 89، ٹانک میں 77، لوئر اور سینٹرل کرم میں مجموعی طور پر 68، اورکزئی میں 43 اور اپر کرم میں 32 اہلکار غیر حاضر ہیں۔ جنوبی وزیرستان لوئر میں 18 جبکہ باجوڑ میں محکمہ صحت کے 4 ملازمین ڈیوٹی پر موجود نہیں پائے گئے۔
صحت جیسے بنیادی عوامی شعبے میں اتنی بڑی تعداد میں ملازمین کی غیرحاضری پر متعلقہ حکام نے سخت نوٹس لیا ہے۔
ایریا ڈیولپمنٹ سیکریٹریٹ نے تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ فہرست میں شامل اہلکاروں سے 3 روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کی جائے اور ان کی غیرحاضری کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف متعلقہ قواعد کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائے۔ ڈی ایچ اوز کو یہ بھی پابند کیا گیا ہے کہ ہر معاملے میں ہونے والی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ مقررہ مدت میں سیکریٹریٹ کو ارسال کریں۔
اس انکشاف کے بعد سرکاری اسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں عملے کی دستیابی اور طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں، تاہم غیر حاضر ملازمین کی وضاحتوں اور محکمانہ تحقیقات کے بعد ہی ان کی غیرحاضری کی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین ہوسکے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت