ہفتہ، 21 نومبر، 2026 · 12 جمادی الثانی، 1448 ہجری

امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش کرنے والے بھارتی شہری کو 19 سال قید

قومی خبریں
امریکا میں سکھ رہنما کے قتل کی سازش کرنے والے بھارتی شہری کو 19 سال قید

امریکا میں سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال اور 7 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق مین ہیٹن کی وفاقی عدالت کے جج وکٹر میریرو نے ملزم کو 235 ماہ قید کا حکم دیا۔

گپتا نے فروری میں کرائے پر قتل، اس کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزامات تسلیم کیے۔ اس پر بھارتی عہدیدار کے ساتھ مل کر امریکا اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھنے والے سکھ رہنما کو قتل کرنے کا منصوبہ بنانے کا الزام تھا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق گپتا اور بھارتی عہدیدار وکاش یادیو نے قاتل کو 15 ہزار ڈالر دینے کا انتظام کیا تھا، تاہم وہ امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا خفیہ اہلکار تھا۔ اسے بیرون ملک بھارتی حکومت کے مخالفین کو نشانہ بنانے کی مہم کا حصہ قرار دیا گیا۔

استغاثہ نے گپتا کے لیے تقریباً 24 سال قید کی سفارش کی تھی۔ وکیل ایشلے نکولس نے کہا کہ امریکا میں کسی کی آواز دبانے کے لیے تشدد برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ گپتا نے مہاتما گاندھی کے عدم تشدد کے اصولوں سے انحراف پر افسوس ظاہر کیا۔

گپتا نے پنوں، متاثرہ برادریوں اور اپنے خاندان سے معافی مانگی۔ پنوں نے مقدمہ چلانے پر امریکا کا شکریہ ادا کیا اور سکھوں کی خودمختاری کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ واضح رہے کہ وکاش یادیو پر فرد جرم عائد ہے، تاہم وہ امریکی تحویل میں نہیں۔ بھارت نے سازش سے لاتعلقی ظاہر کی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت