آصف زرداری کا ایک بیٹا صوبوں کے حق میں دوسرا مخالف ہے: رانا ثنااللہ

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ خان نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سیاسی بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کو اپنے دونوں بیٹوں کو اس معاملے پر یکساں مؤقف اختیار کرنے کی تلقین کرنی چاہیے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹررانا ثنااللہ خان نے کہا کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کی بحث چھیڑی ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری اس تجویز کی مخالفت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو چاہیے کہ وہ اپنے دونوں بیٹوں کو سمجھائیں کہ صوبوں کے معاملے پر بحث کو متنازع بنانے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی اور بلاول بھٹو زرداری دونوں آصف علی زرداری کے تابع ہیں، اس لیے صدر مملکت کو چاہیے کہ وہ دونوں کو اس معاملے پر سمجھائیں اور صوبوں کے حوالے سے جاری بحث کو غیر ضروری طور پر الجھانے سے گریز کرنے کی
ہدایت کریں۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا اور اگر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اس معاملے پر نہیں مانی تو بھی کوئی نہ کوئی راستہ نکالا جائے گا، صوبوں کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی تحفظات سامنے نہیں آئے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت