بٹ کوائن کی قیمت میں بھاری گراوٹ، سرمایہ کاری کے لیے خریداری بہتر یا فروخت؟

دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قدر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں اس کی قیمت 5.10 فیصد گر کر 55 ہزار 830 ڈالر پر آگئی۔ نومبر کے دوران بٹ کوائن اب تک 20 فیصد سے زیادہ قدر کھو چکا ہے، جس سے یہ جون 2022 کے بعد اپنی بدترین ماہانہ کارکردگی کی جانب بڑھ رہی ہے۔
یاہو فنانس کے اعدادوشمار کے مطابق ڈیجیٹل کرنسی کی قیمتوں میں حالیہ گراوٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور دیگر زیادہ خطرے والے اثاثوں کی قدر کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں بھی مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، جس کی ایک وجہ مصنوعی ذہانت کی کمپنی اینتھروپک کی عوامی سطح پر حصص کی فروخت کا آغاز بھی قرار دیا جارہا ہے۔
سرمایہ کاروں نے اینتھروپک کے بازار میں آنے کو مصنوعی ذہانت کی صنعت کے لیے 2026 کا ایک اہم واقعہ قرار دیا تھا، تاہم اس پیش رفت کے بعد چپ ساز اداروں اور دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص دباؤ کا شکار ہوگئے، جس کے اثرات خطرے سے وابستہ سرمایہ کاری پر بھی مرتب ہوئے۔
بٹ کوائن کی قیمت میں کمی کو مزید تقویت امریکی اسپاٹ بٹ کوائن فنڈز سے سرمایہ نکالے جانے کے رجحان نے دی ہے۔ اثاثوں کے انتظام سے متعلق ادارے فارسائیڈ انویسٹرز کے مطابق رواں ماہ اب تک ان فنڈز سے تقریباً 3.5 ارب ڈالر نکالے جاچکے ہیں، جبکہ صرف جمعرات کو 58 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا سرمایہ باہر منتقل ہوا۔
مصنوعی ذہانت کی صنعت میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت کے بعد کرپٹو کرنسیوں کے مستقبل کے حوالے سے طویل عرصے سے پرامید سرمایہ کاروں کی سوچ میں بھی تبدیلی آرہی ہے۔ معروف سرمایہ کار انتھونی پومپلیانو نے جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مئی میں کرپٹو صنعت کے بیشتر حصے کے خاتمے کی پیش گوئی کی تھی اور اب وہ اپنے اس مؤقف پر پہلے سے زیادہ یقین رکھتے ہیں۔
ان کے مطابق مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں کی نمایاں ترقی اور آمدنی میں غیر معمولی اضافے نے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، تاہم بٹ کوائن، مستحکم قدر رکھنے والی کرنسیوں اور بعض بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کو وہ ایسے شعبے سمجھتے ہیں جو مستقبل میں بھی اپنی اہمیت برقرار رکھ سکتے ہیں۔
پومپلیانو نے اپنی رائے میں تبدیلی کو فکری ارتقا قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے حقائق سامنے آنے پر سابقہ مؤقف پر نظرثانی کرنا دانشمندی ہے۔ انہوں نے بٹ کوائن کے مستقبل کے حوالے سے امید برقرار رکھنے کا بھی اظہار کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس منزل تک پہنچنے کے مختلف راستے ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ رواں سال بڑے پیمانے پر حصص کی فروخت کے آغاز، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مقابلے اور بلند شرح سود نے سرمایہ کاروں کی زیادہ خطرے والے اثاثوں میں دلچسپی کم کردی ہے۔ ان عوامل کے نتیجے میں بٹ کوائن کی کان کنی سے وابستہ بعض کمپنیوں نے بھی اپنے ذخائر فروخت کیے ہیں، جس سے مارکیٹ پر دباؤ مزید بڑھا۔
فنڈ اسٹریٹ کے ڈیجیٹل اثاثوں کے حکمت کار شان فیرل نے جمعرات کی شام کہا کہ کرپٹو ایکسچینج کوائن بیس گلوبل بھی بٹ کوائن کی فروخت میں نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔ ان کے مطابق اگرچہ قیمتوں میں کمی کے بعد مارکیٹ میں نچلی سطح قائم ہونے کے ابتدائی آثار دکھائی دے رہے ہیں، تاہم فروخت کا دباؤ ابھی اس مقام تک نہیں پہنچا جہاں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش موقع پیدا ہونے کا یقین کیا جاسکے۔
ڈیجیٹل کرنسی کی منڈی میں موجود سرمایہ کار اور تجزیہ کار اب اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ بٹ کوائن کی قیمتوں میں جاری گراوٹ کب رکتی ہے اور آیا موجودہ دباؤ کے بعد مارکیٹ استحکام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی یا مزید اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت