میٹا کا انسٹاگرام صارفین کی عمر کی تصدیق کرنے والی ٹیکنالوجی عالمی سطح پر متعارف کرانے کا اعلان

میٹا کی زیرملکیت فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ کی معروف ایپلیکیشن انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کی شناخت اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے میٹا نے مصنوعی ذہانت پر مبنی عمر کا اندازہ لگانے والی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے صارفین کی بتائی گئی عمر کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر کوئی کم عمر فرد اپنی اصل عمر چھپانے کی کوشش کرے گا تو مصنوعی ذہانت اس کی نشاندہی کرکے اسے خودکار طور پر نوعمر صارفین کے مخصوص کھاتے میں منتقل کردے گی۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق میٹا نے جاری بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کا بنیادی مقصد بچوں اور نوجوانوں کو ان کی عمر کے مطابق ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا اور انہیں نامناسب مواد سے محفوظ رکھنا ہے۔ کمپنی نے یہ نظام پہلی مرتبہ اپریل 2025 میں متعارف کرایا تھا، جس میں صارفین کی عمر کی جانچ کے لیے مصنوعی ذہانت سے مدد لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
نئے نظام کے تحت مصنوعی ذہانت صارف کی حقیقی عمر کا اندازہ لگائے گی، چاہے اس نے اپنا کھاتا بناتے وقت غلط تاریخ پیدائش درج کی ہو۔ اگر جانچ کے دوران کسی صارف کی عمر 18 سال سے کم پائی گئی تو اسے خودکار طور پر نوعمر افراد کے لیے مختص کھاتے میں منتقل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ میٹا نے نوعمر صارفین کے تحفظ کے لیے ستمبر 2024 میں خصوصی کھاتوں کا نظام متعارف کرایا تھا، جو 13 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ ان کھاتوں میں مختلف حفاظتی پابندیاں اور سہولتیں شامل ہیں تاکہ نوجوانوں کو ان کی عمر کے لحاظ سے موزوں مواد اور محفوظ آن لائن ماحول فراہم کیا جاسکے۔
کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا دائرہ اب عالمی سطح پر وسیع کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر امریکا میں والدین کو ان کی انسٹا گرام فیڈ پر ایک خصوصی ویڈیو دکھائی جائے گی، جس میں انہیں بتایا جائے گا کہ یہ نظام بچوں کے تحفظ میں کس طرح مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سماجی رابطوں کی ایپس پر بچوں اور نوجوانوں کے لیے عمر کے مطابق سہولتیں اور اضافی حفاظتی اقدامات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت