دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ کس ملک میں واقع ہے؟

سوئٹزرلینڈ میں واقع گوٹہارڈ بیس ٹنل دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ کا اعزاز رکھتی ہے، جو بلند و بالا سوئس الپس کے پہاڑوں کے نیچے سے گزرتی ہے۔ 35.5 میل طویل یہ سرنگ نہ صرف انجینئرنگ کا شاہکار ہے بلکہ دنیا کی گہری ترین ریلوے سرنگ بھی ہے، جس کی تعمیر پر تقریباً 12 ارب سوئس فرانک خرچ ہوئے۔
گوٹہارڈ بیس ٹنل کی تعمیر کا مقصد سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ کو جنوبی علاقوں اور اٹلی سے بہتر ریل رابطے کے ذریعے جوڑنا تھا۔ اس منصوبے کی باقاعدہ تجویز 1947 میں سامنے آئی تھی، جب ٹریفک کے منصوبہ ساز کارل ایڈورڈ گرونر نے اس کا ابتدائی خاکہ تیار کیا۔ بعد ازاں 1960 کی دہائی میں سوئس حکومت نے اس منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے ایک ادارہ قائم کیا، تاہم معاشی کساد بازاری اور عوامی مخالفت کے باعث تعمیر کا آغاز کئی دہائیوں تک مؤخر رہا۔
منصوبے کی منظوری کے لیے 1992 اور 1998 میں سوئٹزرلینڈ میں 2 مرتبہ عوامی رائے شماری کرائی گئی، جس میں شہریوں نے اس کی تعمیر کے حق میں فیصلہ دیا۔ بالآخر 1999 میں تعمیراتی کام شروع ہوا اور تقریباً 17 سال کی مسلسل محنت کے بعد 11 دسمبر 2016 کو اس ریلوے راستے پر ٹرینوں کی آمدورفت کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔
اس سرنگ کی تعمیر پر ابتدائی طور پر 6 ارب سوئس فرانک لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، تاہم منصوبہ مکمل ہونے تک اخراجات بڑھ کر تقریباً 12 ارب فرانک ہوگئے۔ اس دوران پہاڑوں کی چٹانیں کاٹ کر کروڑوں ٹن ملبہ نکالا گیا، جبکہ کھدائی کے لیے استعمال ہونے والی دیوہیکل مشین کی لمبائی فٹ بال کے 4 میدانوں کے برابر تھی۔
گوٹہارڈ بیس ٹنل سمندر کی سطح سے تقریباً 2,300 میٹر گہرائی تک پہاڑوں کے نیچے واقع ہے۔ اس نے جاپان کی سیکان ٹنل سے دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جس کی لمبائی 53.9 کلومیٹر ہے۔
اس جدید ریلوے راستے پر مسافر ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ رفتار سے سفر کرتی ہیں، جبکہ ہر گھنٹے تقریباً 2 ٹرینیں اس سرنگ سے گزرتی ہیں۔ اس منصوبے کی بدولت سوئٹزرلینڈ اور اٹلی کے درمیان ریل سفر مزید تیز اور آسان ہوگیا ہے، جبکہ زیورخ سے اطالوی شہر میلان پہنچنے کے دورانیے میں بھی تقریباً 30 منٹ کی کمی واقع ہوئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت