پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کی ٹنل میں چٹان گرنے سے پانی داخل

قومی خبریں

ہری پور: تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے میں تعمیراتی کام کے دوران حادثہ پیش آیا ہے، جہاں کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے پانی ان ٹیک پٹ کے راستے ٹنل اور زیر تعمیر پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔ واقعے کے بعد منصوبے پر کام روک دیا گیا، جبکہ انتظامیہ نے صورت حال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات شروع کردیے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور کے مطابق ٹی فائیو منصوبے کے بند کا ایک حصہ ٹوٹنے کے باعث ٹنل نمبر 5 میں پانی داخل ہونا شروع ہوا۔ حادثے کے وقت منصوبے پر کام جاری تھا، تاہم فوری کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود تمام غیر ملکی اور پاکستانی کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب ترجمان واپڈا نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 منہدم ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں ٹنل مکمل طور پر منہدم نہیں ہوئی، ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے، جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے پانی نکالنے کا عمل جاری ہے۔

ترجمان واپڈا نے وضاحت کی کہ منصوبے کی مین ٹنل، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ واقعے کے بعد واپڈا کے سینئر افسران، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز موقع پر موجود ہیں اور صورت حال کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات اور منصوبے پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا تعین کیا جاسکے۔

حادثے کے بعد تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔ حکام کی جانب سے پانی کی نکاسی، تعمیراتی مقام کی حفاظت اور متاثرہ حصوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔ صورت حال کا جائزہ مکمل ہونے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کے بعد منصوبے پر کام دوبارہ شروع کرنے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔

ادھر دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ہری پور نے بھی الرٹ جاری کردیا ہے،آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران دریائے سندھ میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث دریا کے کنارے آباد علاقوں کے رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور اپنے مال مویشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کردیں تاکہ پانی کی سطح میں اچانک اضافے کی صورت میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔ متعلقہ اداروں کو بھی صورت حال پر نظر رکھنے اور ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تربیلا ڈیم ملک میں بجلی کی پیداوار اور آبی ذخائر کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے، اس لیے توسیعی پن بجلی منصوبے میں پیش آنے والے اس واقعے کو اہم قرار دیا جارہا ہے، واپڈا کی جانب سے منصوبے کے اہم تعمیراتی حصوں کو نقصان نہ پہنچنے کی وضاحت کے بعد اب تمام تر توجہ پانی کی مکمل نکاسی، حفاظتی معائنے اور تعمیراتی کام کی بحالی پر مرکوز ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت