ماہرین کا ٹیکس چھوٹ کے بجائے غیر دستاویزی معیشت کو نظام میں شامل کرنے پر زور
اسلام آباد: پاکستان میں کم آمدنی والے خاندانوں کو سہولت فراہم کرنے، سستے مکانات کی تعمیر، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں اور کسانوں کو آسان قرضے دینے سمیت برآمدات، آئی ٹی اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے مستحق خاندانوں کی مالی معاونت بھی جاری ہے، تاہم معاشی ماہرین کے مطابق ان منصوبوں کے تسلسل کے لیے حکومتی آمدن بڑھانا ضروری ہے۔
اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک معیشت کے بڑے شعبے ٹیکس نظام سے باہر رہیں گے، حکومت کے لیے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے پروگراموں کی مالی ضروریات پوری کرنا مشکل رہے گا۔ ٹیکسوں میں رعایت دینے کے ساتھ ایسے افراد اور کاروباری اداروں کو بھی نظام میں شامل کرنا ہوگا جو اپنی آمدن اور اثاثوں کی مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کرتے۔
معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر ٹیکس نیٹ کو وسعت نہ دی گئی تو اضافی محصولات کا دباؤ پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے تنخواہ دار طبقے، کاروباری اداروں اور عام صارفین پر پڑتا رہے گا۔ ماہرین کے نزدیک مستقل معاشی بہتری کے لیے ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنا اور محصولات کی منصفانہ تقسیم ضروری ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کی آسان ٹیکس اسکیم بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکی۔ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں حکومت نے تسلیم کیا کہ اس اسکیم میں تاجروں کی شرکت توقعات سے کم رہی، جس کے بعد اس پر مؤثر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کے پاس ملک بھر کے تقریباً 37 لاکھ خوردہ فروشوں سے متعلق معلومات موجود ہیں۔ ان میں سے 14 لاکھ افراد کے شناختی کارڈ اور یوٹیلیٹی ریکارڈ بھی دستیاب ہیں۔
اس سے پہلے متعارف کرائی گئی تاجر دوست اسکیم بھی ٹیکس دہندگان کی تعداد بڑھانے میں خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تاجروں سے مشاورت، آسان طریقہ کار اور مراعات کے باوجود ٹیکس نظام میں شمولیت کے حوالے سے مزاحمت برقرار ہے۔ بعض کاروباری افراد بدعنوانی، غیر یقینی پالیسیوں اور سرکاری اہلکاروں کی جانب سے ممکنہ ہراسانی پر تحفظات رکھتے ہیں، جبکہ کچھ تاجروں کو خدشہ ہے کہ ٹیکس ادا کرنے سے ان کی کاروباری مسابقت متاثر ہوگی۔
ماہرین کے مطابق ان مسائل کا حل مستقل ٹیکس چھوٹ دینے کے بجائے ادارہ جاتی اصلاحات میں ہے۔ رپورٹ میں بار بار متعارف کرائی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیموں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے، کیونکہ غیر ظاہر شدہ دولت کو رعایتی شرائط پر قانونی حیثیت دینے سے باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔
اسی طرح نان فائلرز پر زیادہ ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کو بھی مستقل حل قرار نہیں دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025-26 میں ایف بی آر نے تقریباً 13 ہزار ارب روپے خالص ٹیکس وصول کیا، تاہم یہ رقم نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں جمع ہوئی۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے بھی پاکستان میں ٹیکس اصلاحات اور سرکاری محصولات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت