پاکستان میں 81فیصد طلبہ کی پہلی ترجیح اے آئی، کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بن گئے
پاکستان کے تعلیمی اداروں میں طلبہ اور طالبات کی اعلیٰ تعلیم کے شعبوں کے انتخاب کا رجحان تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ تعلیمی رجحانات کے مطابق کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس طلبہ کی سب سے پسندیدہ ترجیحات بن چکے ہیں۔ دستیاب اعدادوشمار کے مطابق 81 فیصد طلبہ کا رجحان ان شعبوں کی جانب ہے، جبکہ بزنس ایڈمنسٹریشن اور مینجمنٹ سائنسز دوسرے نمبر پر ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن سے متعلق تعلیمی معلومات کے مطابق ملک بھر میں اس وقت 30 لاکھ سے زائد طلبہ جامعات میں زیر تعلیم ہیں۔ ان میں سے 10 لاکھ سے زیادہ طلبہ سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں سے وابستہ ہیں۔ کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ملک کا مقبول ترین اور تیزی سے وسعت اختیار کرنے والا تعلیمی شعبہ بن چکا ہے۔
اس شعبے میں سافٹ ویئر انجینئرنگ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنس اور سائبر سکیورٹی جیسے مضامین شامل ہیں۔ ٹیکنالوجی سے وابستہ مختلف شعبوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث طلبہ کی بڑی تعداد ان مضامین کو اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب کر رہی ہے۔
بزنس ایڈمنسٹریشن اور مینجمنٹ سائنسز مقبولیت کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہیں۔ کارپوریٹ سیکٹر، بینکنگ اور ذاتی کاروبار شروع کرنے میں دلچسپی اس شعبے کی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ اس کے تحت بی بی اے، اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس، مارکیٹنگ اور ایم بی اے جیسے پروگرام پیش کیے جاتے ہیں۔
نیچرل سائنسز اور ریاضی تیسرے نمبر پر ہیں، جہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق 4 لاکھ سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ان شعبوں میں فزکس، کیمسٹری، ریاضی اور بائیوٹیکنالوجی شامل ہیں۔ میڈیکل اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز چوتھے نمبر پر ہیں، جن میں ایم بی بی ایس کے علاوہ فارمیسی، ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی اور نرسنگ جیسے شعبے بھی شامل ہیں۔
تعلیمی ترجیحات کی فہرست میں سوشل سائنسز اور ہیومینیٹیز پانچویں نمبر پر ہیں۔ ان کے نمایاں مضامین میں نفسیات، بین الاقوامی تعلقات، میڈیا اینڈ ماس کمیونیکیشن اور انگریزی ادب شامل ہیں۔ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی چھٹے نمبر پر ہیں، جن میں الیکٹریکل، سول اور مکینیکل انجینئرنگ کے شعبے آتے ہیں، جبکہ قانون ساتویں نمبر پر ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت