91 سالہ امریکی ایتھلیٹ نے کھیل کے میدان میں کئی عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے

امریکی ریاست ورمونٹ سے تعلق رکھنے والی 91 سالہ ایتھلیٹ فلورنس مائلر نے کھیلوں کے میدان میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کردیا ہے کہ کامیابی کے لیے عمر رکاوٹ نہیں بنتی۔ انہوں نے 60 سال کی عمر میں ایتھلیٹکس کی دنیا میں قدم رکھا تھا، تاہم 31 سال گزرنے کے باوجود نہ صرف کھیلوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے بلکہ اپنے ہم عمر کھلاڑیوں کے لیے بھی نئے عالمی معیار قائم کر رہی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق فلورنس مائلر ماسٹرز ایتھلیٹکس کے 90 سے 94 سال کی عمر کے زمرے میں متعدد عالمی ریکارڈز اپنے نام کرچکی ہیں۔ ان کی کامیابیوں میں پول والٹ، ہائی جمپ، ٹرپل جمپ، 80 میٹر رکاوٹی دوڑ اور پینٹاتھلون جیسے مختلف مقابلے شامل ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق فلورنس مائلر کی زندگی کا دلچسپ پہلو یہ ہے کہ انہوں نے کھیلوں میں حصہ لینے کا فیصلہ اس عمر میں کیا جب بیشتر افراد جسمانی سرگرمیوں کو محدود کردیتے ہیں یا کھیلوں سے کنارہ کشی اختیار کرلیتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں فلورنس مائلر نے بتایا کہ ایتھلیٹکس سے وابستگی کا آغاز 60 سال کی عمر میں ایک دوست کی ترغیب پر ہوا، جس کے بعد یہ شوق ان کی زندگی کا مستقل حصہ بن گیا،انہیں کھیلوں کی جانب راغب کرنے کا سہرا ان کی دوست باربرا جارڈن کو جاتا ہے، جنہوں نے انہیں 60 سال کی عمر میں ایتھلیٹکس میں حصہ لینے کی ترغیب دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں خواتین نے تقریباً 20 سال تک ایک ساتھ تربیت حاصل کی اور مختلف مقابلوں میں شرکت کرتی رہیں۔ اس دوران انہوں نے متعدد عالمی ریکارڈز بھی قائم کیے اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
تاہم ان کی یہ رفاقت اس وقت ختم ہوگئی جب باربرا جارڈن کو سرطان کی تشخیص ہوئی اور انہیں کھیلوں کی سرگرمیاں ترک کرنا پڑیں۔ وہ 2020 میں 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
فلورنس مائلر کے مطابق وہ بڑھتی عمر کے باوجود اپنی جسمانی صلاحیت برقرار رکھنے کے لیے ہفتے میں کئی روز باقاعدگی سے تربیت حاصل کرتی ہیں۔ اس دوران ان کی خصوصی توجہ جسمانی فٹنس بہتر بنانے اور کھیلوں کی مختلف تکنیکوں میں مہارت حاصل کرنے پر مرکوز رہتی ہے۔
ان کی غیر معمولی کامیابیاں اس بات کی مثال ہیں کہ مستقل مزاجی، محنت اور مضبوط عزم کے ذریعے زندگی کے کسی بھی مرحلے میں نئے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت