روس میں 5300 سال قدیم انسانی ڈھانچے سے انگور جتنی گردے کی پتھری دریافت
روس میں ماہرین آثار قدیمہ نے تقریباً 5300 سال قدیم انسانی باقیات سے گردے یا مثانے کی پتھری دریافت کی ہے، جس کا حجم تقریباً ایک انگور کے برابر ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت قدیم انسانوں کو لاحق بیماریوں اور ان کے علاج سے متعلق تاریخ سمجھنے میں اہم معلومات فراہم کرسکتی ہے۔
یہ پتھری جنوب مغربی روس کے علاقے اسٹاوروپول اپ لینڈ میں کانسی کے ابتدائی دور کے ایک قدیم مقبرے کی کھدائی کے دوران ملی۔
محققین کے مطابق یہ باقیات ایک ایسے شخص کی ہیں جس کی موت تقریباً 5300 سال قبل ہوئی تھی۔ ابتدائی جائزے سے اندازہ لگایا گیا ہے کہ وفات کے وقت اس شخص کی عمر تقریباً 40 برس تھی۔
تحقیق کی مرکزی مصنفہ اور لومونوسوف ماسکو اسٹیٹ یونیورسٹی سے وابستہ ماہر بشریات نتالیہ بریزینا کے مطابق اس شخص کو پیشاب کی نالی کے دائمی انفیکشن کا سامنا رہا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی عارضی بیماری نہیں تھی بلکہ طویل عرصے تک برقرار رہنے والی تکلیف تھی، جس کے باعث متاثرہ شخص کو زندگی کے آخری برسوں میں مسلسل شدید درد برداشت کرنا پڑا ہوگا۔
ماہرین نے بتایا کہ جس مقبرے سے یہ باقیات ملیں وہ قدیم تدفینی روایت کے مطابق مٹی کا بڑا ٹیلہ بنا کر تیار کیا گیا تھا، جسے آثار قدیمہ کی اصطلاح میں کرگن کہا جاتا ہے۔ کھدائی کے دوران ماہرین کو زمین کے نیچے ایک قبر نما کمرہ ملا، جہاں تقریباً 40 سالہ شخص کا ڈھانچا موجود تھا۔
اس ڈھانچے کے کولہے کے قریب کوارٹز سے تیار کردہ تیر کا ایک پھل بھی دریافت ہوا، جو اس دور میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں اور تدفینی اشیا کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔ اسی مقام سے ملنے والی پتھر جیسی چیز کی ساخت اور جسامت کا جائزہ لینے کے بعد محققین نے اسے گردے یا مثانے کی پتھری قرار دیا۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت اس بات کا اہم ثبوت ہے کہ ہزاروں سال پہلے بھی انسان پیشاب کی نالی سے متعلق بیماریوں اور ان کی پیچیدگیوں کا سامنا کرتے تھے۔ قدیم انسانی باقیات میں محفوظ ایسی علامات کے مطالعے سے ماہرین کو ماضی کے لوگوں کی صحت، بیماریوں اور طرز زندگی کے بارے میں مزید جاننے کا موقع ملتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت