غزہ کے ان بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جن کے پاس پناہ کیلئے کوئی جگہ نہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنے کے اسرائیل کے غیر قانونی اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ غزہ کے ان بچوں کی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں جن کے پاس پناہ لینے کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ یہ بچے بے یار و مددگار اور محصور ہیں، جبکہ بھوک اور شدید سردی کا سامنا بھی کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ غزہ کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی غرض سے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت