مریخ کی 4 ارب سال قدیم چٹان زمین پر مل گئی، پانی کے آثار بھی سامنے آگئے

سائنس دانوں نے زمین پر مریخ کی تقریباً 4 ارب 10 کروڑ سال قدیم چٹان دریافت کی ہے، جس کے تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ اس زمانے میں پانی نے سرخ سیارے کی بیرونی سطح کو متاثر کیا تھا۔
یہ نایاب شہابی پتھر مریخ کی ابتدائی ارضیاتی تاریخ اور اس کے ماضی کے ماحول کو سمجھنے کے لیے اہم سائنسی شواہد فراہم کرسکتا ہے۔
گلابی مائل رنگ کے اس غیر معمولی شہابی پتھر کو ٹیغزا 001 کا نام دیا گیا ہے۔ محققین کے مطابق اس کی کیمیائی ساخت مریخ سے پہلے دریافت ہونے والے دیگر شہابی پتھروں سے مختلف ہے۔ یہی منفرد خصوصیت اسے سیارے کی ابتدائی اندرونی اور بیرونی ساخت کے مطالعے کے لیے غیر معمولی اہمیت کا حامل بناتی ہے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری سے وابستہ سیاروی سائنس دان یانگ لیو، جو اس تحقیق کی مرکزی مصنفہ بھی ہیں، کے مطابق یہ قدیم شہابی پتھر مریخ کی ابتدائی بیرونی پرت اور اندرونی ساخت کا جائزہ لینے کا نادر موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ چٹان اس زمانے سے تعلق رکھتی ہے جب زمین پر زندگی کی ابتدا ہورہی تھی، اس لیے اس کا مطالعہ دونوں سیاروں کی ابتدائی تاریخ سمجھنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ شہابی پتھر مریخ کے اندرونی حصے یعنی مینٹل سے نکلنے والے پگھلے ہوئے مادے، جسے میگما کہا جاتا ہے، سے وجود میں آیا تھا۔ یہ مادہ ٹھنڈا ہونے کے بعد سیارے کی بیرونی پرت کا حصہ بن گیا۔ اس کی کیمیائی خصوصیات سے محققین کو مریخ کے ان علاقوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی ہیں جن کی چٹانوں کا پہلے اس طرح مطالعہ نہیں کیا گیا تھا۔
تحقیق میں سامنے آنے والے شواہد کے مطابق تقریباً 4 ارب 10 کروڑ سال پہلے پانی نے مریخ کی سطح پر اثرات مرتب کیے تھے۔ اس دریافت سے سرخ سیارے کے ابتدائی جغرافیائی حالات اور اس وقت وہاں موجود پانی کے کردار کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
یہ تحقیق 29 اکتوبر کو سائنسی جریدے سائنس میں شائع ہوئی۔ ماہرین کے مطابق ٹیغزا 001 کی دریافت مریخ کی قدیم تاریخ، اس کی ارضیاتی تشکیل اور ماضی میں پانی کی موجودگی سے متعلق تحقیقات کے لیے اہم پیش رفت ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت