ایران کے نیچے زمین کی پلیٹ میں 2 بڑی دراڑیں دریافت، سائنس دان حیران

چینی سائنس دانوں نے ایران کے جنوب مشرقی علاقے کے نیچے موجود ایک بڑی ٹیکٹونک پلیٹ میں 2 وسیع دراڑوں کا سراغ لگایا ہے۔
اس دریافت سے زمین کی اندرونی ساخت، سمندروں کے خاتمے اور براعظموں کی تشکیل کے پیچیدہ عمل کو سمجھنے کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ محققین کے مطابق یہ شگاف عربین پلیٹ میں موجود ہیں اور ان کی تشکیل میں مختلف چٹانوں کی ساخت اور کثافت کا بنیادی کردار ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے محققین کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق عربین پلیٹ کا ایک حصہ ماضی میں قدیم بحیرہ نیو ٹیتھیس کی سمندری تہہ کا حصہ تھا۔ اس علاقے میں موجود بھاری بیسالٹ چٹانیں ارضیاتی تبدیلیوں کے باعث دوسری ٹیکٹونک پلیٹ کے نیچے دھنس رہی ہیں، جبکہ پلیٹ کے دوسرے حصے میں نسبتاً ہلکی اور موٹی براعظمی چٹانیں پائی جاتی ہیں۔
سائنس دانوں نے بتایا کہ سمندری اور براعظمی چٹانوں کی کثافت، موٹائی اور ساخت میں فرق کے باعث زمین کی تہوں کے اندر دباؤ کی صورتحال مختلف ہوجاتی ہے۔ اسی عدم توازن کے نتیجے میں عربین پلیٹ کے مختلف حصوں میں بڑی دراڑیں پیدا ہوئی ہیں۔ بھاری سمندری چٹانیں زیر زمین دوسری پلیٹ کے نیچے سرکتی ہیں، جبکہ نسبتاً ہلکی براعظمی چٹانیں اس عمل کے خلاف مزاحمت کرتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق براعظمی چٹانوں کی یہ مزاحمت زمین کی سطح پر پہاڑی سلسلوں کی تشکیل میں بھی کردار ادا کرتی ہے۔ اس طرح ایک ہی ٹیکٹونک پلیٹ کے مختلف حصوں میں موجود چٹانوں کی خصوصیات ارضیاتی تبدیلیوں کی رفتار اور نوعیت پر اثرانداز ہوتی ہیں۔
سائنسی جریدے نیچر جیو سائنس میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے ماہرین کو یہ سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے کہ لاکھوں سال کے دوران سمندر کس طرح ختم ہوتے ہیں اور براعظم کس طرح ایک دوسرے سے ٹکراتے ہیں۔
اس کے علاوہ زمین کی سطح پر رونما ہونے والی بڑی جغرافیائی تبدیلیوں کے پیچھے موجود عوامل کا مطالعہ بھی بہتر انداز میں کیا جاسکے گا۔
محققین کے مطابق یہ دریافت زمین کی ارضیاتی تاریخ اور ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکت کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ہے، کیونکہ اس سے واضح ہوتا ہے کہ مختلف اقسام کی چٹانیں زمین کی اندرونی ساخت میں کس طرح دباؤ، دراڑوں اور پہاڑوں کی تشکیل جیسے عمل کو متاثر کرتی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت