اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے لگی، ماہر امراض چشم سے علاج کی اجازت کے لیے درخواست دائر

قومی خبریں
بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہونے لگی، ماہر امراض چشم سے علاج کی اجازت کے لیے درخواست دائر

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش بڑھ گئی، ان کی بینائی شدید متاثر ہونے کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے، جس میں اڈیالہ جیل حکام سے ان کی مکمل میڈیکل رپورٹ طلب کرنے اور ذاتی خرچ پر ماہر امراض چشم سے فوری علاج کرانے کی اجازت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بینائی کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے اور ان کی آنکھوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ اس صورت حال کے پیش نظر ان کا فوری طبی معائنہ اور مناسب علاج ضروری ہے تاکہ بینائی کو مزید نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اڈیالہ جیل انتظامیہ کو ہدایت کی جائے کہ بشریٰ بی بی کی مکمل میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے، جس میں ان کی آنکھوں کی موجودہ کیفیت، کیے گئے طبی معائنے، علاج اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات شامل ہوں۔ اس کے علاوہ انہیں اپنی ذاتی رقم سے کسی مستند اور ماہر امراض چشم سے معائنہ اور علاج کرانے کی اجازت بھی دی جائے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بینائی انسانی صحت کا انتہائی اہم معاملہ ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی تاخیر مزید پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ بشریٰ بی بی کو فوری طور پر ایسے ماہر ڈاکٹر تک رسائی فراہم کی جائے جو ان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کرکے مرض کی نوعیت کا تعین اور مناسب علاج تجویز کرسکے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اڈیالہ جیل میں وکیل سے ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی بشریٰ بی بی کی آنکھوں کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی اہلیہ کی بینائی متاثر ہونے سے متعلق خدشات ظاہر کرتے ہوئے ان کے مقدمات میں عدالتوں سے ریلیف حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی جانب سے اس معاملے پر تشویش کے اظہار کے بعد بشریٰ بی بی کے طبی مسائل اور قانونی ریلیف کے حوالے سے کوششیں تیز کی گئی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر نئی درخواست بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، جس کے ذریعے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جیل حکام سے ان کی صحت کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل کرکے فوری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

بشریٰ بی بی کی بینائی سے متعلق سامنے آنے والی شکایت نے ان کی جیل میں دستیاب طبی سہولیات کے معاملے کو ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔ اب اس معاملے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے درخواست پر کارروائی اور جیل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کیے جانے کے حوالے سے پیش رفت اہمیت اختیار کرے گی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت