اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

نیتن یاہو کی نئی ممکنہ حکومت پر تنقید، اسرائیلی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا

قومی خبریں
نیتن یاہو کی نئی ممکنہ حکومت پر تنقید، اسرائیلی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ملک میں نئی حکومت کے قیام کی کوششوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مجوزہ انتظامیہ کو اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایسی حکومت ایران کے خلاف سخت پالیسی اختیار کرنے اور اسرائیلی فوجیوں کے دفاع میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔

نیتن یاہو نے اسرائیلی انتخابات میں کامیاب ہونے والے عرب رہنماؤں کو بھی حماس کا حامی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نئی حکومت کے مجوزہ ارکان میں سے تقریباً ایک تہائی اسرائیلی فوجیوں کو جنگی مجرم تصور کرتے ہیں۔ ان کے بقول ایسی سوچ رکھنے والے ارکان کی موجودگی میں فوجی اہلکاروں کے مفادات کا تحفظ ممکن نہیں ہوگا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ حکومت ایران کے معاملے پر بھی سخت مؤقف اختیار کرنے میں ناکام رہے گی، جس کے باعث اسرائیل کو سلامتی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

دوسری جانب نیتن یاہو نے اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی اتحاد کی حکومت کے قیام کے لیے آگے بڑھیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد اسرائیل میں حکومت سازی کا معاملہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت