اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

غیر شادی شدہ اور طلاق یافتہ بیٹیوں کو پنشن سے محروم کرنے کے احکامات کالعدم قرار

قومی خبریں
غیر شادی شدہ اور طلاق یافتہ بیٹیوں کو پنشن سے محروم کرنے کے احکامات کالعدم قرار

لاہور ہائیکورٹ نے غیر شادی شدہ اور طلاق یافتہ بیٹیوں کو خاندانی پنشن سے محروم کرنے کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔

جسٹس سید احسن رضا کاظمی نے خاندانی پنشن کو صرف بیوہ یا شوہر تک محدود کرنے کی پابندی غیر قانونی قرار دے دی۔

عدالت نے تین بیٹیوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کی 30 مئی 2025 کی وضاحت کو اختیار سے تجاوز اور کالعدم قرار دے دیا، جبکہ دسمبر 2024 اور اگست 2025 کے نوٹیفکیشنز کو بھی متعلقہ حد تک غیر مؤثر قرار دیا۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے واضح کیا کہ قواعد و ضوابط اصل قانون سے آگے نہیں بڑھ سکتے اور پنشن حکومت کی مہربانی نہیں بلکہ ایک قانونی حق ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ قانون میں ’خاندان‘ کا لفظ استعمال کیا گیا ہے، جسے صرف شریکِ حیات تک محدود نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع دیا جائے اور 60 روز کے اندر قانون کے مطابق ان کے معاملات پر دوبارہ فیصلہ کیا جائے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت