اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

سعودی عرب پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام، دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کردیا

قومی خبریں
سعودی عرب پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام، دفاعی نظام نے فضا میں تباہ کردیا

سعودی عرب پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام، دفاعی نظام نے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی میزائل تباہ کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی، جہاں حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا جانے والا بیلسٹک میزائل سعودی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فضا ہی میں تباہ کردیا۔

سعودی حکام کے مطابق میزائل مشرقی سعودی عرب کی سمت داغا گیا تھا، تاہم دفاعی نظام نے اس کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے آبادی یا اہم تنصیبات تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد شہروں میں ہنگامی انتباہ جاری کردیے تھے۔

میزائل حملے کے تناظر میں دمام، الاحساء اور ابقیق میں شہریوں کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے الرٹ جاری کیے گئے، تاہم صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سعودی سول ڈیفنس نے تینوں شہروں میں خطرہ ختم ہونے کا اعلان کردیا اور جاری کردہ انتباہات واپس لے لیے۔

دوسری جانب یمن میں حوثی ملیشیا کے خلاف کارروائیوں میں سعودی عرب کی معاونت کے لیے شام نے بھی فوجی دستے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہزاروں شامی فوجیوں کو یمن بھیجا جائے گا، جہاں وہ حوثیوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں حصہ لیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت