اتوار، 8 نومبر، 2026 · 29 جمادی الاول، 1448 ہجری

اسرائیلی صدر نے گادی آئزنکوٹ کو حکومت سازی کی دعوت دینے کا اعلان کردیا

قومی خبریں
اسرائیلی صدر نے گادی آئزنکوٹ کو حکومت سازی کی دعوت دینے کا اعلان کردیا

اسرائیلی صدر نے گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دینے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد ملک میں نئی حکومت کے قیام کے لیے سیاسی مشاورت کا عمل اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر آج شام آئزنکوٹ کو باضابطہ طور پر حکومت سازی کی دعوت دیں گے۔ انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کے لیے 28 روز کی مہلت دی جائے گی جبکہ مقررہ مدت میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں مزید 14 روز کی توسیع بھی دی جاسکتی ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق حکومت سازی کے معاملے پر اسرائیلی صدر سے ہونے والی مشاورت کے دوران پارلیمنٹ کے 67 ارکان نے گادی آئزنکوٹ کی حمایت کی جبکہ وزیراعظم نیتن یاہو کے حق میں 46 ارکان نے اپنی سفارشات پیش کیں۔ صدر نے مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کو حکومت سازی سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

تاہم اگر گادی آئزنکوٹ مقررہ مدت کے اندر حکومت تشکیل دینے میں کامیاب نہ ہوسکے تو نیتن یاہو کو دوبارہ حکومت بنانے کا موقع دیے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔

دوسری جانب نیتن یاہو نے اپنے تمام سیاسی اتحادیوں کو ساتھ ملا کر قومی اتحاد کی حکومت قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ ادھر ان کی اتحادی مذہبی جماعتوں کی جانب سے حکومت سے علیحدگی اختیار کرکے حزب اختلاف میں بیٹھنے کے امکانات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں، جس سے آئندہ سیاسی منظرنامے کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت