آزاد کشمیر کےسابق صدر راجہ محمد ذوالقرنین خان انتقال کر گئے، ایک روزہ سوگ کا اعلان

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور ممتاز سیاسی رہنما راجہ محمد ذوالقرنین خان انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال پر آزاد کشمیر حکومت نے ریاست بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے، جبکہ مرحوم کی نماز جنازہ کل 8 نومبر بروز اتوار صبح 11 بجے ضلع بھمبر کے آبائی علاقے تھاتھی کسگمہ میں ادا کی جائے گی۔جبکہ ان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ ہوگی۔
سابق صدر راجہ محمد ذوالقرنین خان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد آزاد کشمیر کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں افسوس کی فضا چھا گئی۔ مرحوم کا شمار آزاد کشمیر کی اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا اور انہوں نے ریاست کے اعلیٰ ترین آئینی منصب سمیت مختلف اہم سیاسی و عوامی ذمہ داریاں انجام دیں۔
آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایک روزہ سوگ کے دوران کل سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ حکومت نے مرحوم کی سیاسی اور عوامی خدمات کے اعتراف میں ان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق سابق صدر آزاد کشمیر راجہ محمد ذوالقرنین خان کی نماز جنازہ اتوار 8 نومبر کو صبح 11 بجے ان کے آبائی علاقے تھاتھی کسگمہ، ضلع بھمبر میں ادا کی جائے گی۔
نماز جنازہ اور تدفین کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر بھمبر سردار فیصل مغل نے متعلقہ حکام کے ہمراہ علاقے کا دورہ کیا۔
بشکریہ روزنامہ جسارت