ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

امریکا کا ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات دینے پر 20 ملین ڈالر انعام کا اعلان

قومی خبریں

امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خفیہ معلومات حاصل کرنے کے لیے بڑا مالی انعام مقرر کردیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اس مقصد کے لیے معلومات فراہم کرنے والوں کو 20 ملین ڈالر (2 کروڑ ڈالر) دینے اور ضرورت پڑنے پر انہیں کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے پروگرام ’ایوارڈز فار جسٹس‘ کے تحت جاری کیے گئے اس اعلان کو مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کیا ہے۔

سینٹ کام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے والے افراد اس مالی انعام کے حقدار ہوسکتے ہیں، جبکہ ان کی حفاظت کے پیش نظر انہیں کسی دوسرے مقام پر منتقل کرنے کا انتظام بھی کیا جاسکتا ہے۔

امریکی حکام نے معلومات کے حصول کے لیے ایرانی جوہری تنصیبات، وہاں موجود آلات اور پروگرام سے وابستہ سرگرمیوں کو خصوصی طور پر ہدف بنایا ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی جوہری سائنس دانوں اور ان کی نقل و حرکت سے متعلق تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے اعلان میں 2025 میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جاری کردہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران یورینیئم کی افزودگی 60 فیصد تک پہنچا چکا ہے، جبکہ جوہری ہتھیار کی تیاری کے لیے عموماً 90 فیصد افزودگی درکار ہوتی ہے۔ امریکی مؤقف کے مطابق 60 فیصد افزودگی جوہری ہتھیاروں کے لیے مطلوبہ سطح سے صرف ایک مختصر تکنیکی مرحلہ پیچھے ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ ایران دنیا کا واحد ملک ہے جس کے پاس جوہری ہتھیار موجود نہیں، لیکن وہ یورینیئم کو اتنی بلند سطح تک افزودہ کررہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق اس انعامی پیشکش کا بنیادی مقصد ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ ہے۔

دوسری جانب امریکی اعلان سامنے آنے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر مختلف حلقوں کی جانب سے اس اقدام پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ بعض صارفین نے تبصرہ کیا کہ امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنے کے لیے جنگ شروع کی تھی، لیکن اب اسی پروگرام سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے بھاری انعام کی پیشکش کررہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ امریکا نے خفیہ معلومات کے حصول کے لیے اس پیشکش کا اعلان اب کیوں کیا، جبکہ جنگ شروع ہوئے تقریباً 8 ماہ گزر چکے ہیں۔ امریکی اعلان کے وقت اور اس کے پس پردہ مقاصد سے متعلق یہ بحث بھی زور پکڑ رہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت