پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری و سفارتی ویزا فری سہولت کا معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور اعلیٰ سطح پر روابط کے فروغ کے لیے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے پر اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے دستخط کیے
۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور سوڈان کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو دونوں ممالک میں ویزا فری داخلے کی سہولت حاصل ہوگی، جس سے سرکاری دوروں، اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور باہمی روابط کو مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستان اور سوڈان کے دوستانہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں سرکاری سطح پر روابط بڑھانے اور باہمی تعاون کے فروغ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے بھی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس معاہدے کے تحت ویزا فری داخلے کی سہولت سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ہوگی، عام پاسپورٹ رکھنے والے شہری اس سہولت میں شامل نہیں ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت