مشرقِ وسطیٰ میں امریکی شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری، مسلح حملوں کا خدشہ
واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو خطے میں مسلح حملوں کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کردی ہے۔
امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حوثی گروپ کے حملوں اور امریکی سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں کے باعث سکیورٹی صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ شہریوں کو اپنے قیام کے ملک سے متعلق تازہ حفاظتی ہدایات پر نظر رکھنے اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
امریکی انتباہ میں سفری مشکلات کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق کشیدگی کے باعث پروازیں منسوخ ہونے، فضائی حدود بند ہونے اور فضائی سمیت دیگر سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا امکان ہے۔
امریکی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے پہلے متعلقہ ملک کے لیے جاری سکیورٹی الرٹس کا جائزہ لیں اور پروازوں و دیگر سفری انتظامات سے متعلق تازہ معلومات حاصل کرتے رہیں۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ فوجی کارروائیوں کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت