ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے اضافی بجلی مہنگی کرنے کی منظوری، فی یونٹ نرخ 25 روپے 30 پیسے مقرر

قومی خبریں

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صنعتی اور زرعی صارفین کے لیے اضافی بجلی کھپت پر دیے جانے والے ریلیف میں کمی کرتے ہوئے فی یونٹ نرخ 22 روپے 98 پیسے سے بڑھا کر 25 روپے 30 پیسے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے نرخ نومبر 2026 کے بلنگ مہینے سے نافذ ہوں گے۔

نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔ فیصلے کے تحت اضافی بجلی کھپت پر رعایتی نرخ میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت اس وقت صنعتی اور زرعی صارفین کو اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ 11 سے 15 روپے تک ریلیف فراہم کررہی ہے۔

نیپرا کا یہ فیصلہ چیئرمین کے کاسٹنگ ووٹ سے منظور ہوا، جبکہ دو ارکان آمنہ احمد اور مقصود انور خان نے اختلافی نوٹ تحریر کیے۔ اختلافی نوٹ میں 25 روپے 30 پیسے فی یونٹ کے نرخ کو بے بنیاد قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے صنعتی اور زرعی شعبوں کے لیے تین سالہ ریلیف پیکج متعارف کرایا تھا، جس کے تحت گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں اضافی بجلی استعمال کرنے پر رعایتی نرخ مقرر کیے گئے تھے۔ اس پیکج میں زرعی صارفین کے لیے 38 روپے اور صنعتی صارفین کے لیے 34 روپے فی یونٹ کے بجائے 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ نرخ مقرر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب ترجمان پاور ڈویژن نے وضاحت کی ہے کہ صنعتی اور زرعی صارفین کے بنیادی بجلی ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، صرف اضافی بجلی کی کھپت پر فی یونٹ نرخ میں 2 روپے 32 پیسے اضافے کی تجویز ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت