ہفتہ، 7 نومبر، 2026 · 28 جمادی الاول، 1448 ہجری

حکومت نے پیٹرولیم لیوی پر اقدام نہ کیا تو دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے: امیر جماعت اسلامی

قومی خبریں
حکومت نے پیٹرولیم لیوی پر اقدام نہ کیا تو دوبارہ سڑکوں پر نکلیں گے: امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل نواز حلقوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ فلسطینی عوام نے مزاحمت کی جو مثال قائم کی ہے، اس نے پوری دنیا کو جدوجہد کا نیا سبق دیا ہے۔

کراچی کے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 3 سال قبل شروع ہونے والے طوفان الاقصیٰ کے بعد اسرائیل نے فلسطینیوں کی مزاحمت کا بدلہ عام شہریوں سے لینا شروع کردیا اور پورے غزہ کو تباہی سے دوچار کردیا۔ اسرائیلی جارحیت کے باوجود فلسطینی عوام نے جس استقامت کا مظاہرہ کیا، اس سے دنیا کو معلوم ہوا کہ حقیقی مزاحمت کیا ہوتی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عائد لیوی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، بصورت دیگر جماعت اسلامی دوبارہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سے بھی اس معاملے پر بات کی گئی ہے اور انہیں لیوی ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے سوال کیا گیا کہ حکومت کے پاس پیٹرولیم لیوی ختم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کیا طریقہ کار موجود ہے، جس پر انہوں نے ایک سے 2 روز میں متعلقہ اعداد و شمار فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ان کے مطابق حکومت ہر ماہ تقریباً 150 ارب روپے لیوی کی مد میں وصول کررہی ہے، اس لیے عوام کو ریلیف دینے کے لیے اس میں کمی یا خاتمے کا راستہ نکالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا مؤقف تھا کہ اگر پیٹرولیم لیوی ختم کردی گئی تو بڑی گاڑیاں استعمال کرنے والے افراد کو بھی سستے پیٹرول کا فائدہ پہنچے گا، جس پر جماعت اسلامی نے تجویز دی کہ مہنگی گاڑیوں کے مالکان پر 100 روپے کے بجائے 200 روپے لیوی عائد کردی جائے۔ جو لوگ مہنگی گاڑیاں خریدنے اور چلانے کی استطاعت رکھتے ہیں، وہ زیادہ لیوی بھی ادا کرسکتے ہیں، تاہم متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو مہنگے پیٹرول سے نجات دلانا ضروری ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے ان کی جماعت کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی جاچکی ہے، جس میں وزیراعظم نے عوام کو مزید ریلیف دینے کے معاملے پر کچھ وقت طلب کیا ہے۔ تاہم جماعت اسلامی کا مطالبہ واضح ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرکے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچائے۔

ملک کی سیاسی صورت حال پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں قائم حکومتیں فارم 47 کے نتیجے میں وجود میں آئی ہیں۔ ان کے بقول کراچی کو موجودہ حکمرانوں نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، جبکہ کرپشن نے پورے سندھ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص کارکردگی اور بدعنوانی کے باعث عوام بنیادی مسائل سے دوچار ہیں۔

عالمی صورت حال اور مسلم دنیا کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دنیا کو ایک نئے عالمی نظام کی ضرورت ہے، جس کے لیے مسلمانوں اور مزاحمتی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے اپنے دورہ ترکیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں مسلکی اور فرقہ وارانہ بحث کے بجائے اسلام کی بنیادی تعلیمات کو اہمیت دی جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے دورے کے دوران یہ مشاہدہ ہوا کہ اسلام محض ایک مذہب نہیں بلکہ ایک مکمل نظام کا نام ہے، جس کی بنیاد پر مسلمانوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر متحد ہونے اور عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت