اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں خطے کے بحرانوں کی بڑی وجہ ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ خطے میں جاری بحرانوں کی بڑی وجہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ کوششیں ہیں، جن سے فلسطین کے علاوہ شام، لبنان اور دیگر پڑوسی ممالک بھی متاثر ہورہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ مکہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا میں حکومت کسی بھی جماعت کی ہو، پاکستان کے واشنگٹن کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام شعبوں میں امریکی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا بند نہیں کیا اور بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان پاکستان آنا چاہیں تو انہیں ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔ گزشتہ سال 9 ہزار سے زائد جبکہ رواں سال 4 ہزار سے زیادہ بھارتی سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کے ویزے جاری کیے گئے۔
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ بھارت نے مئی 2025 سے کرتارپور راہداری کے ذریعے زائرین کی آمدورفت معطل کر رکھی ہے۔ پابندیاں ختم ہوتے ہی پاکستان سکھ یاتریوں کے استقبال اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت نہ ہونے کے باوجود کرتارپور راہداری قائم کی اور اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ کیے تاکہ سکھ یاتری اپنے مقدس مقام تک رسائی حاصل کرسکیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کو 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔ اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت کے بعد قیادت کرے گی۔
بشکریہ روزنامہ جسارت