لاہور دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا
لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، شہر 458 ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا، جبکہ ملتان میں آلودگی کی سطح 719 ریکارڈ کی گئی۔
فضائی آلودگی پر نظر رکھنے والے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق عالمی فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 244 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اور کولکتہ 235 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی آلودگی خطرناک سطح پر برقرار ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق کاہنہ نو میں اے کیو آئی 655، سی ای آر پی آفس میں 611، برکی روڈ پیراگون میں 609، علامہ اقبال ٹاؤن میں 583 اور رائیونڈ میں 511 ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور کے کاہنہ نو، ملتان روڈ اور سفاری پارک میں آلودگی کی سطح 500 تک پہنچ گئی، جبکہ گلبرگ تھری میں 483 اور برکی روڈ پر 482 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں صبح 7 بجے اے کیو آئی 430 رہا، جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 70 پوائنٹس زیادہ ہے۔ اس فہرست میں قصور 462 کے ساتھ پہلے اور لاہور دوسرے نمبر پر رہا۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں وہاڑی 378، پاکپتن 374، راجن پور 366، جھنگ 346 اور مظفرگڑھ 340 اے کیو آئی کے ساتھ شامل ہیں۔ فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے باعث لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں شہریوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت