پاکستان کو چین اور کویت سے بھی 4.3 ارب ڈالر قرض رول اوور کی یقین دہانی

اسلام آباد: پاکستان کو سعودی عرب کے بعد چین اور کویت کی جانب سے بھی 4.3 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کرنے کی یقین دہانی کروا دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے 4 ارب اور کویت سے 30 کروڑ ڈالر کا قرض رول اوور ہوگا۔
حکام نے بتایا کہ تینوں دوست ممالک سے مجموعی طور پر 7.3 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کروائے جا رہے ہیں۔ چین کی جانب سے 4 ارب ڈالر کا قرض مارچ 2027 میں رول اوور کیا جائے گا اور تمام ممالک کے ساتھ ایک سالہ توسیع پر اتفاق ہوا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تصدیق کی کہ سعودی عرب کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے قرض کا معاملہ پہلے ہی طے پا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات انتہائی مثبت رہی اور فی الحال مزید مالی معاونت کی ضرورت محسوس نہیں کی جا رہی ہے۔
ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس 3 ماہ کی درآمدات کے لیے کافی زرمبادلہ موجود ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ یورو بانڈ کی ادائیگیوں کے حوالے سے مستقبل میں کسی بھی انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران 21 ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیوں میں یہ 7.3 ارب ڈالر کا ریلیف شامل ہے۔ اس کے علاوہ دسمبر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کی قسط ملنے کی بھی توقع ہے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی۔
آئی ایم ایف بورڈ کے آئندہ اجلاس کے بارے میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ اجلاس دسمبر میں متوقع ہے تاہم ابھی تک حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
حکومت معاشی اہداف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور تمام تر توجہ ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے پر مرکوز ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت