گھر میں گھس کر فائرنگ، ماں اور بیٹی قتل، 12 سالہ بیٹا زخمی، ملزم فرار

کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن، گلشن حدید فیز ٹو میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ماں اور بیٹی جاں بحق جبکہ 12 سالہ بیٹا زخمی ہوگیا۔ موٹر سائیکل پر سوار ملزم گھر میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جس میں ملزم کو واردات کے بعد تیزی سے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کے مطابق گلشن حدید فیز ٹو میں فائرنگ اور 2 خواتین کے قتل کی اطلاع ملتے ہی اسٹیل ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر کرائم سین یونٹ کو طلب کیا، جس نے شواہد اور فائرنگ کے خول جمع کیے۔ مقتولہ ماں اور بیٹی کی لاشیں ابتدائی طور پر قریب قائم الخدمت اسپتال منتقل کی گئیں، جہاں سے بعدازاں انہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن محمد خان کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 45 سالہ سمیہ زوجہ محمد دین جبکہ ان کی 16 سالہ بیٹی کی شناخت بختاور کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے میں مقتولہ کا 12 سالہ بیٹا زید بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل پر آنے والا ملزم گھر میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ماں اور بیٹی کے چہروں پر گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے 4 خول ملے ہیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتولین کا آبائی تعلق کشمور سے بتایا جاتا ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، قتل کی اصل وجہ اور واردات میں ملوث ملزم کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ پولیس مقتولہ کے اہل خانہ اور زخمی بیٹے سے بھی پوچھ گچھ کررہی ہے تاکہ واقعے کے محرکات سامنے آسکیں۔
دوسری جانب واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے، جس میں موٹر سائیکل سوار ملزم کو فائرنگ کے بعد گھر سے باہر نکلتے اور انتہائی تیز رفتاری سے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں فائرنگ کی آوازیں سن کر گھر سے چیخ و پکار بھی سنائی دیتی ہے جبکہ اہل محلہ بھی فائرنگ کی آواز پر اپنے گھروں سے باہر نکل آتے ہیں۔پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں اور فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت