جمعرات، 5 نومبر، 2026 · 26 جمادی الاول، 1448 ہجری

پاکستانی باکسنگ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی تیاری، عامر خان کا پروفیشنل باکسنگ بورڈ قائم کرنے کا اعلان

قومی خبریں
پاکستانی باکسنگ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی تیاری، عامر خان کا پروفیشنل باکسنگ بورڈ قائم کرنے کا اعلان

پاکستان میں باکسنگ کے شعبے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دینے اور مقامی کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھا لیا گیا۔ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی باکسر عامر خان نے پاکستان پروفیشنل باکسنگ بورڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے ملک میں پیشہ ورانہ باکسنگ کے فروغ کے لیے نئے منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔ بورڈ کے زیر اہتمام پہلا پروفیشنل باکسنگ شو آئندہ سال 10 فروری کو منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ نئے بورڈ کے ذریعے پاکستان میں باکسنگ کے لیے ایک منظم نظام تشکیل دیا جائے گا، جس کے تحت کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ ریفریز اور ججز کی بھی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے لائسنسنگ اور تربیت کا باضابطہ طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا، جبکہ عالمی باکسنگ تنظیموں کے ساتھ رابطوں کو بھی فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ کا غیر معمولی ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم مناسب تربیتی مراکز، جدید سہولیات اور مالی معاونت کی عدم دستیابی کے باعث بہت سے نوجوان اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے نہیں بڑھ پاتے۔ کراچی کے علاقے لیاری سمیت ملک کے مختلف شہروں میں باکسنگ کا شوق رکھنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، لیکن انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے مطلوبہ وسائل میسر نہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ خالی سرکاری اراضی اور غیر استعمال شدہ کھیلوں کے مراکز کو باکسنگ اکیڈمیز میں تبدیل کرنے کے لیے تعاون فراہم کیا جائے، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ہی ملک میں جدید سہولیات کے ساتھ تربیت حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔

پاکستانی باکسر کا مزید کہنا تھا کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث متعدد باصلاحیت کھلاڑی بیرون ملک منتقل ہونے یا دوسرے ممالک کی نمائندگی اختیار کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ نئے بورڈ کے قیام کا مقصد اس صورت حال کو تبدیل کرنا اور مقامی باکسرز کے لیے ملک میں رہتے ہوئے پیشہ ورانہ کیریئر بنانے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

ان کے مطابق بورڈ کے پلیٹ فارم سے کھلاڑیوں کو بیرون ملک مقابلوں میں شرکت، اسپانسرشپ حاصل کرنے اور عالمی معیار کے مطابق تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والے باکسرز ہی نہیں بلکہ شکست سے دوچار ہونے والے کھلاڑیوں کو بھی معاوضہ دیا جائے گا، تاکہ انہیں مالی مشکلات کے باوجود کھیل جاری رکھنے میں مدد مل سکے۔

عامر خان نے بتایا کہ بورڈ میں شمولیت اور رجسٹریشن کے خواہش مند کھلاڑیوں کے لیے ویب سائٹ بھی فعال کردی گئی ہے، جبکہ آئندہ سال 10 فروری کو پہلے پیشہ ورانہ باکسنگ مقابلوں کے انعقاد کی تیاری کی جارہی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت