بدھ، 4 نومبر، 2026 · 25 جمادی الاول، 1448 ہجری

یورپ میں 2 روز کے دوران 8 مسافر طیاروں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں، فضائی آپریشن متاثر

قومی خبریں
یورپ میں 2 روز کے دوران 8 مسافر طیاروں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں، فضائی آپریشن متاثر

یورپ کے مختلف ممالک میں صرف دو روز کے دوران 8 مسافر طیاروں کو بم کی فرضی دھمکیاں موصول ہوئیں، جس کے باعث کئی ایئرپورٹس پر ہنگامی اقدامات کرنا پڑے اور ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خوش قسمتی سے تمام طیارے محفوظ رہے اور تلاشی کے دوران کسی میں بھی بارودی مواد نہیں ملا۔

فلائٹ ڈیٹا کے مطابق وارسا سے لندن جانے والی ایل او ٹی پولش ایئرلائنز کی پرواز کو دھمکی کے بعد وارسا موڈلن ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا۔ کوپن ہیگن سے وارسا آنے والی پرواز کو بھی ایسی ہی دھمکی موصول ہوئی، جبکہ اسپین سے مانچسٹر پہنچنے والی ریان ایئر کی پرواز کو لینڈنگ کے بعد خالی کراکے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے تلاشی لی۔

بلغاریہ کے صوفیہ، اسرائیل کے تل ابیب اور اٹلی کے برگامو سے آنے والی پروازوں کو بھی ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں دی گئیں۔ صوفیہ ایئرپورٹ پر کمانڈوز نے طیاروں کی جانچ پڑتال کی، جبکہ لزبن اور ڈبلن سے روم آنے والی دو پروازوں کو اطالوی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی نگرانی میں اتارا گیا۔

یہ سلسلہ 2 نومبر کو اس وقت شروع ہوا جب لندن سے صوفیہ جانے والی وز ایئر کی پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد ہنگری کے جنگی طیاروں کے حصار میں بڈاپسٹ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

سکیورٹی اداروں کے مطابق تمام دھمکیاں جھوٹی ثابت ہوئیں اور کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم مختصر وقت میں متعدد ممالک کی پروازوں کو نشانہ بنائے جانے کے باعث اسے ممکنہ منظم مہم یا ہائبرڈ سکیورٹی خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یورپی پولیس اور انسداد دہشت گردی کے ادارے دھمکی آمیز ای میلز اور کالز کے ذرائع کا پتا لگانے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت