حکومت کا ایل پی جی سیکٹر میں کوٹہ سسٹم ختم کرنے اور مسابقت بڑھانے کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں لیکوڈ پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے شعبے میں جاری صوابدیدی کوٹہ سسٹم کو فوری طور پر ختم کرنے اور درآمدی عمل کو مسابقتی بنانے کا بڑا اعلان کر دیا ہے جس کا مقصد گیس کی قیمتوں میں شفافیت لانا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل پی جی مارکیٹ میں چند افراد کی اجارہ داری نے طویل عرصے سے عوام کو نقصان پہنچایا ہے، اب مسابقت کے ذریعے قیمتوں میں کمی لائی جائے گی۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے شکایات موصول ہوئی تھیں کہ مافیا نے مصنوعی قلت پیدا کر کے ایل پی جی 800 روپے فی کلو تک فروخت کی، اس لوٹ مار کو روکنے کے لیے اب نیلامی کا عمل شفاف بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب جو بھی کمپنی جس نرخ پر ایل پی جی درآمد کرے گی، اسے اپنی ویب سائٹ پر ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔ مقامی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پیداوار کی چھوٹی لاٹس بنا کر نیلام کریں تاکہ قیمتوں کا تعین مارکیٹ کے اصولوں پر ہو۔
وفاقی وزراء نے وضاحت کی کہ حکومت نے سردیوں میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بھی مدد لی جائے گی تاکہ غریب طبقے پر بوجھ نہ پڑے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کیے ہیں۔ تیل کی قیمتوں میں عالمی منڈی کے تناسب سے کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کا عمل اب مزید تیز کیا جا رہا ہے۔
حکومت کے مطابق ایل پی جی کی کل طلب کا ایک بڑا حصہ درآمدات سے پورا ہوتا ہے، لہٰذا انفراسٹرکچر کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ سردیوں میں گیس کی قیمتیں مناسب رکھنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
بشکریہ روزنامہ جسارت