امریکا میں وسط مدتی انتخابات:ایوان نمائندگان کی 435، سینیٹ کی 35 نشستوں پر مقابلہ
واشنگٹن: امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ جبکہ 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد امریکی شہری ڈاک اور قبل از وقت ووٹنگ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق انتخابات میں ایوان نمائندگان کی تمام 435 نشستوں اور سینیٹ کی 35 نشستوں پر مقابلہ ہے۔انتخابات میں خواتین، سیاہ فام، مقامی امریکی، نوجوان امیدواروں کی ریکارڈ تعداد میدان میں ہے۔ جبکہ امریکی ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات میں خواتین امیدواروں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے طے ہوگا کہ آئندہ دو برس امریکی کانگریس پر ریپبلکنز کا کنٹرول برقرار رہے گا یا ڈیموکریٹس صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے سامنے بڑی رکاوٹ بننے میں کامیاب ہوں گے۔
مختلف عوامی جائزوں میں ڈیموکریٹس کو برتری حاصل ہے. تاہم حتمی نتائج سامنے آنے میں کئی ریاستوں میں بدھ یا اس کے بعد تک وقت لگ سکتا ہے۔
امریکی سینیٹ میں 50، 50 نشستیں ہونے کی صورت میں نائب صدر کا ووٹ فیصلہ کن ہوگا۔ ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت قانون سازی کا ایجنڈا طے کرے گی۔
وسط مدتی انتخابات کے لئے پولنگ کے دوران مختلف ریاستوں میں ووٹرز کو تکنیکی مسائل اور خراب موسم کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جبکہ نیویارک کی ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ووٹنگ مشینیں ایک تکنیکی خرابی کے باعث بیلٹ پیپرز قبول نہیں کر رہیں۔
ادھر فلوریڈا میں پیر کی رات گئے اور منگل کو ہونے والی شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے فلیش فلڈ کے باعث کم از کم 18 پولنگ اسٹیشنز کو دوسری جگہ منتقل کرنا پڑا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت