منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

آسٹریلوی آل راؤنڈرگلین میکسویل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

قومی خبریں
آسٹریلوی آل راؤنڈرگلین میکسویل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، جس کے ساتھ ہی ان کا ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط بین الاقوامی کریئر اختتام پذیر ہوگیا۔

غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 38 سالہ گلین میکسویل نے پیر کو ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کی اور 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہے۔ وہ 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم میں بھی شامل تھے۔

گلین میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔

انہوں نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا۔ 149 ون ڈے میچز میں انہوں نے 3 ہزار 990 رنز بنائے، جس میں ان کا بہترین انفرادی اسکور 201 رنز تھا۔ انہوں نے اس فارمیٹ میں 77 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

میکسویل نے ستمبر 2012 میں پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا۔ اس فارمیٹ میں انہوں نے 130 میچز میں 2 ہزار 897 رنز بنائے اور 51 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 145 رنز رہا۔

انہوں نے 2013 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 104 رنز تھا، جبکہ بہترین بولنگ کارکردگی 127 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرنا رہی۔

جارحانہ بیٹنگ اور چھکے لگانے کی صلاحیت کے باوجود میکسویل کچھ عرصے سے خراب فارم کا شکار تھے، جس کے باعث انہوں نے جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔

گلین میکسویل نے 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں عمان کے خلاف آخری مرتبہ آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔

بشکریہ روزنامہ جسارت