منگل، 3 نومبر، 2026 · 24 جمادی الاول، 1448 ہجری

آئی پی ایل 2027 کی نیلامی میں اہم تبدیلی، ٹیموں کو 2 دن کی اضافی مہلت مل گئی

قومی خبریں
آئی پی ایل 2027 کی نیلامی میں اہم تبدیلی، ٹیموں کو 2 دن کی اضافی مہلت مل گئی

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 کی نیلامی سے قبل تمام فرنچائزز کے لیے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے اور ٹیم سے فارغ کرنے کی فہرست جمع کرانے کی آخری تاریخ میں اہم تبدیلی کردی گئی ہے۔

لیگ انتظامیہ نے ٹیموں کو مزید 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے مقررہ تاریخ 15 نومبر سے بڑھا کر 17 نومبر کردی ہے، جس کے بعد اب تمام فرنچائزز اس تاریخ تک اپنے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور ریلیز کیے جانے والے کرکٹرز کی تفصیلات جمع کرا سکیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل 2027 کی ایک روزہ منی نیلامی 16 دسمبر کو بھارتی شہر گوا میں منعقد ہوگی، جہاں مختلف ٹیمیں اپنی ضرورت اور دستیاب بجٹ کے مطابق نئے کھلاڑیوں کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔

نیلامی سے قبل کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل 23 نومبر کو بند کردیا جائے گا، جبکہ فرنچائزز کو 27 نومبر تک مزید کرکٹرز کے نام نیلامی میں شامل کرنے کی درخواست دینے کی اجازت ہوگی۔

انتظامیہ کے شیڈول کے مطابق نیلامی میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست اور مختلف سیٹس کی ترتیب 3 دسمبر کو تمام ٹیموں کے حوالے کردی جائے گی۔

اس کے بعد فرنچائزز اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دیتے ہوئے ان کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز کرسکیں گی جنہیں وہ آئندہ سیزن کے لیے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنانا چاہتی ہیں۔

دوسری جانب نیلامی سے پہلے کھلاڑیوں کی خریدوفروخت اور تبادلوں کا سلسلہ بھی تیز ہوگیا ہے۔ اب تک دو اہم ٹریڈز مکمل ہوچکی ہیں جن میں دہلی کیپیٹلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس سے اپنے سابق کپتان رشبھ پنت کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرلیا ہے، جبکہ بھارتی اسپنر کلدیپ یادیو لکھنؤ سپر جائنٹس کا حصہ بن گئے ہیں۔

ایک اور اہم تبادلے میں دہلی کیپیٹلز نے فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کو سن رائزرز حیدرآباد کے حوالے کردیا ہے، جس کے بدلے لیگ اسپنر ذیشان انصاری کو حاصل کیا ہے۔ ان تبدیلیوں کے بعد آئی پی ایل 2027 کی تیاریوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے اور شائقین کی نظریں اب فرنچائزز کی حتمی ریٹینشن لسٹ اور دسمبر میں ہونے والی نیلامی پر مرکوز ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جسارت