جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی خبر، عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوگیا

ایران کے جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی خبر سامنے آنے کے بعد منگل کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 4 منٹ پر برینٹ کروڈ کی قیمت 48 سینٹ یعنی 0.5 فیصد اضافے کے بعد 105.25 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) 47 سینٹ اضافے سے 96.93 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ پیر کو ہونے والی نمایاں کمی کے بعد سامنے آیا ہے، جب برینٹ کروڈ 8.66 ڈالر یعنی 7.63 فیصد کمی کے بعد 104.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا تھا۔
جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی اطلاعات نے خطے میں کشیدگی اور تیل کی ترسیل سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کی اہم گزرگاہ ہے، جہاں کسی بھی فوجی کشیدگی کے اثرات عالمی منڈی میں قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت