بلدیہ ٹاؤن میں گاڑی سے نوجوان کی گولی لگی لاش برآمد

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ایدھی قبرستان روڈ پر کھڑی گاڑی سے نوجوان کی لاش ملی ہے، جس کے سر پر گولی لگنے کا زخم پایا گیا۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت شادمان ٹاؤن کے رہائشی سعد قاضی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے ہاتھ میں پستول بھی موجود تھا، جبکہ گاڑی پر گولیوں کے 3 نشانات پائے گئے ہیں۔ سعد قاضی ایک نجی کمپنی میں ملازم تھا اور گاڑی بھی ایک نجی بینک کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ کرائم سین یونٹ اور پولیس ٹیم موقع سے شواہد اکٹھے کررہی ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جسارت