پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر اوور 40 کرکٹ ورلڈ کپ کاٹائٹل اپنے نام کرلیا

گیانا: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر انٹرنیشنل ماسٹرز کرکٹ (آئی ایم سی) اوور 40 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں قومی ٹیم نے 282 رنز کا ہدف 44.5 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
فائنل میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔ گریگ ہنٹ نے 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ کپتان اسٹیو پالسن نے 70 اور گلین بیٹیچیوتو نے 46 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے سید فریدالدین نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وسیم علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
282 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی اور ٹیم نے 36 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔ تاہم عدنان اکمل اور جواد منصور نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور اہم شراکت قائم کرکے پاکستان کی جیت کی امیدیں بحال کردیں۔
عدنان اکمل نے 83 رنز بنائے، جبکہ جواد منصور نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 115 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، جس نے میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سید فریدالدین نے بیٹنگ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 16 گیندوں پر ناقابلِ شکست 24 رنز بنائے، جبکہ وسیم علی نے 22 رنز کا حصہ ڈالا۔میچ آخری لمحات میں انتہائی سنسنی خیز ہوگیا، تاہم پاکستان نے 44.5 اوورز میں 282 رنز بنا کر ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی۔ اس طرح پاکستان نے آئی ایم سی اوور 40 ورلڈ کپ کی ٹرافی جیت لی
بشکریہ روزنامہ جسارت