پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے رجسٹرڈ ہوگئے

قومی خبریں
محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے رجسٹرڈ ہوگئے

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرالی ہے۔ وہ برطانوی شہری کی حیثیت سے لیگ میں شامل ہونے کے خواہاں ہیں، جس کے باعث انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ سے اجازت نامہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

کھیل سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق محمد عامر نے برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہریت اختیار کرلی ہے اور اسی حیثیت میں افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے اپنا نام درج کرایا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو اجازت نامے جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے متعدد کھلاڑیوں نے لیگ کے کھلاڑیوں کے انتخابی عمل کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کا انتخابی مرحلہ کل منعقد ہوگا، جس میں رجسٹرڈ کھلاڑیوں کے نام زیر غور آئیں گے۔

واضح رہے کہ برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر کو افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے۔

بشکریہ روزنامہ جسارت