نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے، وزیر پیٹرولیم

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ نئے فارمولے اور مقامی آئل ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی ممکن ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے جبکہ آئل ریفائنریز کے ساتھ مشاورت کے بعد اس حوالے سے حتمی پیش رفت متوقع ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ آئل ریفائنریز کے ساتھ کل ہونے والی نشست میں تمام متعلقہ امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ حکومت مقامی آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو پیٹرول 15 روپے فی لیٹر تک سستا فراہم کرنے کے قابل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورت حال کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل، نقل و حمل اور انشورنس کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران پیش آنے والے واقعات کے نتیجے میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں، جس سے پاکستان میں بھی تیل کی قیمتوں پر دباؤ پیدا ہوا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد اور ترسیل کے حوالے سے لاجسٹک مسائل بڑھ گئے ہیں اور انشورنس کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس کے باوجود حکومت عوام پر اضافی مالی بوجھ کم سے کم ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں کروڑوں افراد پیٹرول ریلیف سے مستفید ہو رہے ہیں اور حکومت عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر مزید اقدامات کر رہی ہے، حکومت نے مقامی آئل ریفائنریز کے ساتھ مل کر ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے لیے خام تیل کی بنیاد پر فارمولا طے کیا تھا۔ جمعے کے روز پیٹرول کی قیمت میں متوقع 15 روپے فی لیٹر اضافے کو روکنے میں بھی مقامی ریفائنریز نے اہم کردار ادا کیا۔ ریفائنریز نے پیٹرول کی قیمت کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا اور قیمت میں اضافے کا 15 ارب روپے کا بوجھ خود برداشت کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر درآمدی پریمیم 10 سے 20 ڈالر فی بیرل تک بڑھ چکا ہے جبکہ ڈیزل کے لیے خام تیل پر مبنی فارمولا نافذ ہے۔ ملک کی مقامی آئل ریفائنریز مجموعی طور پر تقریباً 30 فیصد پیٹرول تیار کرتی ہیں، اس لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ان کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر نے مقامی ریفائنریز کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریفائنریوں نے ماضی میں خاطر خواہ منافع بھی کمایا ہے اور حالیہ 3 ماہ کا منافع پورے ایک سال کے منافع سے بھی زیادہ رہا ہے، حکومت اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ کسی فریق کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور عوام کو بھی ریلیف ملے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث بہت مشکلات برداشت کی ہیں، حکومت کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کرے گی اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو حکومتی کنٹرول سے آزاد کرنے کے سب سے بڑے حامی ہیں، خطے میں جاری بدترین جنگ اور عالمی منڈی کی غیر یقینی صورت حال کے باعث فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کے مطابق حکومت اور آئل ریفائنریز کے درمیان مشاورت کے ذریعے ایسا طریقہ کار وضع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے عالمی منڈی میں قیمتوں اور درآمدی اخراجات میں اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر منتقل نہ ہو اور مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچایا جا سکے۔
بشکریہ روزنامہ جسارت