پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

ترکیہ میں تیز ہواؤں کے باعث دلہن غباروں سمیت فضا میں بلند ہوتے ہوتے بچ گئی

قومی خبریں
ترکیہ میں تیز ہواؤں کے باعث دلہن غباروں سمیت فضا میں بلند ہوتے ہوتے بچ گئی

ترکیہ کے شہر استنبول میں شادی سے قبل فوٹو شوٹ کے دوران ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں اچانک چلنے والی تیز ہواؤں نے دلہن کو ہاتھ میں پکڑے بڑے غباروں سمیت ہوا میں بلند کردیا، تاہم فوٹوگرافر کی بروقت مداخلت نے اسے ممکنہ حادثے سے بچالیا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 26 اکتوبر کو آبنائے باسفورس کے ساحل پر پیش آیا، جہاں دلہن اپنے شادی سے قبل کے یادگار لمحات کی تصاویر بنوا رہی تھی۔ اسی دوران موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور تیز ہوا کے جھونکے نے دلہن کے ہاتھ میں موجود بڑے غباروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ہوا کے شدید دباؤ کے باعث دلہن کے لیے اپنا توازن برقرار رکھنا مشکل ہوگیا اور وہ غباروں کے ساتھ ہوا میں اٹھتے ہوئے قریبی دیوار کی جانب کھنچنے لگی۔ صورت حال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے فوٹوگرافر نے فوری طور پر آگے بڑھ کر دلہن کو تھام لیا اور اسے گرنے یا کسی ممکنہ حادثے سے محفوظ رکھا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کرنے لگی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث دلہن کے پاؤں زمین سے اٹھنے لگتے ہیں اور وہ غباروں کے ساتھ ہوا میں بلند ہونے لگتی ہے، جبکہ فوٹوگرافر اسے سنبھالنے کی کوشش کرتا ہے۔

خوش قسمتی سے اس غیر متوقع واقعے میں دلہن کو کوئی چوٹ نہیں آئی اور وہ مکمل طور پر محفوظ رہی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خوف ناک صورت حال سے گزرنے کے باوجود دلہن نے بعد ازاں اپنا فوٹو شوٹ بھی مکمل کرلیا۔

بشکریہ روزنامہ جسارت